معروف پاپ سٹار جسٹن بیبر جو اِن دنوں انڈیا میں موجود ہیں، نے جمعے کی شب ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے سلسلے میں ایک تقریب میں پرفارم کیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے انڈیا آنے والی متعدد عالمی شخصیات میں جسٹن بیبر بھی شامل ہیں۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ بچپن کے دوست ہیں اور وہ باضابطہ طور پر 12 جولائی سے ہونے والی تین روزہ تقریبات میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ یہ تقریبات ہندو رسم و رواج کے مطابق ہوں گی۔
پرفارمنس سے قبل لاس اینجلس سے انڈیا آنے والے بیبر کو جمعے کی صبح ممبئی کے ہوائی اڈے پر گلابی رنگ کی ٹی شرٹ اور ٹوپی پہنے دیکھا گیا تھا۔
اس پرفارمنس کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں جسٹن بیبر سینکڑوں وی آئی پی شائقین کے سامنے 2015 کا اپنا ہٹ گانا ’سوری‘ پیش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
بالی وڈ سٹار سلمان خان اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی جمعے کی شب ہونے والی اس تقریب میں موجود تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ جسٹن بیبر کو اس پرفارمنس کے لیے ایک کروڑ ڈالر تک کی ادائیگی کی گئی۔
شادی کی مرکزی تقریب سے قبل اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ پہلے ہی عالمی ستاروں سے سجی پری ویڈنگ تقریبات کر چکے ہیں، جن میں فروری میں ریاست گجرات میں ہونے والا تین روزہ جشن بھی شامل ہے۔
فروری میں ہونے والی ان تقریبات میں گلوکارہ ریحانہ نے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دیگر مہمانوں کے سامنے پرفارم کیا تھا۔
جون میں بھی یہ جوڑا بحیرہ روم کے چار روزہ سفر پر گیا تھا، جہاں گلوکارہ کیٹی پیری نے پرفارم کیا تھا جبکہ ایسی تقریبات میں بیک سٹریٹ بوائز، امریکی ریپر پٹ بل اور اطالوی ٹینور اینڈریا بوسیلی بھی پرفارم کر چکے ہیں۔
اننت امبانی کے ارب پتی والد مکیش امبانی کسی شادی پر اتنے اخراجات پہلی بار نہیں کر رہے۔
انہوں نے 2018 میں اپنی بیٹی کی انڈیا میں اب تک کی سب سے مہنگی شادی کی تھی۔ جس پر مبینہ طور پر 10 کروڑ ڈالر لاگت آئی اور اس میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا تھا۔
فوربز میگزین کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین 67 سالہ امبانی کی دولت 113 ارب ڈالر سے زیادہ ہے اور وہ دنیا کے 11ویں امیر ترین شخص ہیں۔
مکیش امبانی انڈیا کے دائیں بازو کے ہندو قوم پرست رہنما وزیراعظم نریندر مودی کے اہم اتحادی بھی ہیں۔ امبانی کو تیل، گیس اور پیٹرو کیمیکل پر پھیلا ہوا ایک پھلتا پھولتا صنعتی کاروبار وراثت میں ملا۔
انہوں نے ریٹیل، ٹیلی کمیونیکیشن اور انڈین پریمیئر لیگ میں منافع بخش سرمایہ کاری کر کے اس کو مزید ترقی دی ہے جبکہ ان کی بہو رادھیکا مرچنٹ ایک معروف دوا ساز کمپنی کے مالک کی بیٹی ہیں۔