’انڈیا کی جی ڈی پی پہنے ہوئے ہیں!‘ نیتا امبانی کے اربوں کے زیورات پر تنقید

نیتا امبانی کی 65 لاکھ ڈالر کی انگوٹھی کے جہاں ایک طرف چرچے ہیں، دوسری طرف اس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

نیتا امبانی کی انگوٹھی، جسے انہوں نے بڑے زمرد کے گلوبند کے ساتھ پہنا تھا، ووگ انڈیا کے مطابق کبھی مغل سلطنت کے زیورات کے خزانے کا حصہ تھی (انسٹاگرام /منیش مہلوترا)

 

ریلائنس انڈسٹریز کی ڈائریکٹر نیتا امبانی کے زیورات حال ہی میں ہونے والی ان کے بیٹے کی شادی کی تقریبات کے دوران زیر بحث رہے۔

نیتا امبانی نے جو ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی کی اہلیہ اور خود بھی دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل سکول کی چیئرپرسن اور بانی ہیں، ہر تصویر میں عظیم الشان زمرد اور ان کٹے ہیروں سے مزین زیورات پہنے، جو شاید اعلیٰ درجے کی کسی نیلامی میں ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

لیکن جہاں نیتا امبانی کے سٹائل کے چرچے ہیں، وہاں ان کے پرتعیش انداز کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

ایکس پر ایک صارف نے نیتا امبانی کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا: ’نیتا امبانی انڈیا کی جی ڈی پی پہنے ہوئے۔‘

نیتا امبانی کی ایک انگوٹھی، جسے انہوں نے بڑے زمرد کے گلوبند کے ساتھ پہنا تھا، ووگ انڈیا کے مطابق کبھی مغل سلطنت کے زیورات کے خزانے کا حصہ تھی۔

کرسٹیز کی ویب سائٹ کے مطابق نیتا امبانی نے 2019 میں نیلام ہونے والی ہیرے کی ایک انگوٹھی پہنی تھی جس کا نام ’مرر آف پیراڈائز‘ اور جس کی قیمت 65 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔

1800 کی دہائی میں 52.58 قیراط کا یہ ٹکڑا گولکنڈہ ہیرے کی کانوں سے ’مہاراجہ اور مغل عظمت‘ کے عنوان سے مغل سلطنت کے مجموعے کا حصہ تھا۔

گولکنڈہ ہیروں کی کان کنی انڈیا کے گوداوری ڈیلٹا علاقے میں ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں کی جاتی ہے۔ جدید حیدرآباد کے مغربی حصے میں واقع گولکنڈہ قلعہ گولکنڈہ سلطنت کا ایک مرکز تھا اور ہیروں کی تراش خراش اور تجارت کا ایک اہم مرکز تھا۔

انڈیا میں ہیروں کی کان کنی کا آغاز 400 قبل مسیح کے آس پاس ہوا تھا، حالانکہ اس دور کی تفصیلات کسی حد تک غیر واضح ہیں۔ زیورات کی صنعت میں گولکنڈہ، ہیروں کے اعلیٰ معیار کی نمائندگی کرتا ہے، جو ان کی قدرتی صفائی کے لیے جانا جاتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گولکنڈہ کے مشہور ترین ہیروں میں آگرہ ڈائمنڈ، سمتھسونین میں نمائش کے لیے پیش کیا جانے والا ہوپ ڈائمنڈ، برطانوی شاہی جواہرات میں شامل کوہ نور، ایران میں واقع دریائے نور اور پرنسی ڈائمنڈ شامل ہیں۔

نیتا امبانی کو اس سے قبل مارچ 2023 میں نیتا اور مکیش امبانی کلچر سینٹر کے افتتاح کے موقعے پر اس بیگیٹ کٹ ہیرے کی نمائش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

انڈیا میں زیورات تیار کرنے کی ایک قابل ذکر روایت ہے، اس کے ساتھ ساتھ دستکاری کی مختلف دیگر شکلیں بھی، جو ملک کی غیر معمولی مہارت کی نمائندگی کرتی ہیں۔

فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انیتا کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ نیتا امبانی، اننت اور رادھیکا کی شادی سے پہلے کی تقریبات کے لیے ہینڈ لوم کانچی پورم ساڑھی میں خوبصورت اور حیرت انگیز دکھائی دی رہی ہیں۔ ’دعاؤں اور محبت سے بنی یہ ساڑھی اس موقعے کے جذبے اور مسز امبانی کی انڈین دستکاری کے لیے گہرے احترام کی علامت ہے۔ کاریگروں کے ساتھ کام کرنے اور اس شاہکار کو بنانے میں خوشی ہوئی۔‘

اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین نے کافی تنقید کی۔ کسی نے کہا کہ ان کے گلے کے ہار سے ایک چھوٹا ملک خریدا جاسکتا ہے جب کہ کسی نے کہا کہ دولت کا ایسا مظاہرہ جبکہ دنیا کا ایک حصہ جل رہا ہے اور بچے ہر روز بھوک سے مر رہے ہیں۔ ’وہ اس بندر تماشے سے کیا ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں؟‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل