انسداد منشیات کے لیے پاکستان میں 11 سال بعد نیشنل ڈرگ سروے

وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ سروے میں گھروں کے علاوہ تعلیمی اداروں، کچی آبادیوں اور دیگر مقامات سے بھی ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

26 جون 2022 کو اسلام آباد میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقعے پر شرکا آگاہی مارچ میں شریک ہیں (فاروق نعیم / اے ایف پی)

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعرات کو کہا ہے کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے کے قومی مشن کے تحت ملک میں 11 برس بعد نیشنل ڈرگ سروے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت کمیٹی برائے نیشنل ڈرگ سروے کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ ’نیشنل ڈرگ سروے کے تحت ملک بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نیشنل ڈرگ سروے کو ہر صورت جامع اور مستند ہونا چاہیے۔ سروے کے درست ڈیٹا کی اصل اہمیت ہے اور اسی کا  فائدہ ہو گا۔‘

وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ سروے میں گھروں کے علاوہ تعلیمی اداروں، کچی آبادیوں اور دیگر مقامات سے بھی ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے 15 دن کے اندر سروے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’انسداد منشیات فورس (اے این ایف) اور ادارہ برائے شماریات مل کر سروے کے انعقاد کے لیے طریقہ کار، مطلوبہ ڈیٹا کی نوعیت، نمونے کی شکل اور ٹائم لائن کو وضع کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مزید کہا گیا: ’مستند اور جامع سروے سے ہی انسداد منشیات کے ضمن میں بھرپور اور مفصل فیصلہ سازی ممکن ہو گی۔ انسداد منشیات پر کوئی سمجھوتہ نہ ہوگا کیونکہ یہ  قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔‘

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سروے کے انعقاد میں تعاون کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

پاکستان میں آخری نیشنل ڈرگ سروے 2013 میں ہوا تھا۔

گذشتہ مہینے 26 جون کو منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی سمگلنگ کے انسداد کے عالمی دن کے موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہمارے معاشرے میں منشیات سے منسلک جرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش ناک ہے اور حکومت ان کے سد باب کے لیے پر عزم ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’منشیات ہمارے معاشرے کی بقا کے لیے خطرہ ہیں۔  مشترکہ کوششوں کے ذریعے سے ہی ہم پاکستان منشیات اور ممنوعہ اشیا کی تقسیم کو روکنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔‘

 رواں برس انسداد منشیات کے عالمی دن کا موضوع ہے: ’ثبوت واضح ہے: پرہیز میں سرمایہ کاری کریں۔‘

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اپنے حالیہ بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ ’ہمارے معاشرے پر منشیات کے استعمال کے تباہ کن اثرات کے پیشِ نظر، منشیات کے خلاف اس جنگ کو قومی ترجیح بنانا ناگزیر ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان