دنیا کو ہنر مندوں اور سرمایہ کاروں کی تلاش ہے اور اگر آپ کو کسی امیر ملک کے پاسپورٹ کی ضرورت ہے تو انڈپینڈنٹ اردو کی سیریز ’نئی شہریت کیسے ممکن؟‘ کی پہلی قسط میں جانتے ہیں کہ جرمنی کا ویزا کیسے مل سکتا ہے۔
جرمنی کو ہنر مند افراد کی ضرورت ہے اور آپ کو شاید جرمن ویزے کی، تو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں اور ’آپرچیونٹی کارڈ‘ سے فائدہ اٹھائیں۔
جرمنی میں آئی ٹی کے شعبے میں ملازمتوں کی خالی آسامیوں کی تعداد گذشتہ سال ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ ڈیجیٹل ایسوسی ایشن بٹکوم کا کہنا ہے کہ ایسی خالی آسامیوں کی تعداد بڑھ کر 149،000 ہو گئی ہے۔
جرمن خبررساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق بٹکوم کے صدر رالف ونٹرگرسٹ نے بٹکوم کے سالانہ لیبر مارکیٹ سٹڈی کو پیش کرنے کے موقع پر کہا کہ ’آئی ٹی ماہرین کی کمی کا معاشی دائرے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ ’جرمن معیشت کے لیے ایک باقاعدہ مسئلہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بہت کم ہنر مند کارکن اور بہت زیادہ ریگولیشن ڈیجیٹل جرمنی کی رفتار کو متاثر کر رہے ہیں۔‘
اگر آپ جرمنی جا کر محنت کرنے کو تیار ہیں تو ’موقع کارڈ‘ یعنی اپرچونیٹی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس نئی ویزا سکیم کا مقصد جرمنی میں ہنرمند لیبر کی شدید کمی کو دور کرنا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس نئی ویزا سکیم کے بارے میں جرمن وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ جرمنی اب ان ہنرمندوں کو ملک میں آنے کی اجازت دے رہا ہے جن کی جرمن معیشت کو برسوں سے ضرورت تھی۔
یہ سکیم ہے کیا اور اس سے کون لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے؟
آپرچیونٹی کارڈ میں وہ افراد درخواست دے سکیں گے جن کے پاس اپنے پیشے کی کم سے کم دو سال کی تربیت یا کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے ڈگری ہو۔
- جرمن یا انگریزی زبان سے واقفیت ہو۔
- سکیم کے لیے اہلیت کا فیصلہ پوائنٹس سسٹم کے مطابق درخواست گزار کی زبان کی مہارت، پیشہ ورانہ تجربہ، عمر اور جرمنی سے تعلق کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
- کارڈ حاصل کرنے کے لیے کم از کم چھ پوائنٹس کی ضرورت ہو گی۔
- اگر آپ کو یہ کارڈ مل جاتا ہے تو آپ جرمنی میں ایک سال رہتے ہوئے نوکری کی تلاش کر سکیں گے۔
- اور اس دوران ہفتے میں 20 گھنٹے تک پارٹ ٹائم جاب کی بھی اجازت ہو گی۔
انڈپینڈنٹ اردو کی سیریز ’نئی شہریت کیسے ممکن؟‘ کی اگلی قسط میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ امریکہ کا ویزا کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟