حزب اللہ کا اسرائیل کے فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملے کا دعویٰ

حزب اللہ نے ہفتے کو کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ کے جنوب میں ایک فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

15 جولائی 2024 کی اس تصویر میں جنوبی لبنان سے فائر کیے گئے راکٹوں کو اسرائیل کے اوپر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں اسرائیلی ایئر ڈیفنس سسٹم میزائلوں کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے (جلاہ میری / اے ایف پی)

حزب اللہ نے ہفتے کو اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ کے جنوب میں واقع فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لبنان میں سرگرم گروہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے ’حیفہ شہر کے جنوب میں ایک اڈے پر حملہ کیا، جس سے وہاں موجود دھماکہ خیز مواد کی فیکٹری کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔‘

آج یعنی ہفتے کو اسرائیل میں یہودی مذہب کے مقدس دن ’یوم کپور‘ کے سلسلے میں عام تعطیل ہے۔ 

عرب نیوز کے مطابق حزب اللہ نے جمعے کو اسرائیلی عوام کو ملک (اسرائیل) کے شمال میں رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں سے دور رہنے کا کہا تھا۔

عربی اور عبرانی زبانوں میں جاری ہونے والے ایک بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ ’اسرائیلی دشمن فوج شمالی اسرائیل میں اسرائیلیوں کے گھروں کو استعمال کرتی ہے اور بڑے مقبوضہ شہروں جیسے کہ حیفہ، تبریاس، ایکڑ میں رہائشی علاقوں کے اندر فوجی اڈے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں اسرائیلیوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ ’اپنی جان بچانے کے لیے ان فوجی اجتماعات کے قریب نہ جائیں۔‘

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب رواں ہفتے ہی اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر اقوام متحدہ کے مشن کے دفتر پر حملہ کر کے دو یو این اہلکاروں کو زخمی کیا، جس کے حوالے سے اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ لبنان میں اقوام متحدہ کی عارضی فوج (یو این آئی ایف آئی ایل) کے ہیڈکوارٹر کے قریب حزب اللہ کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کر رہی تھی اور ’اقوام متحدہ کی افواج کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں۔‘

تقریباً ایک سال کی سرحد پار فائرنگ کے بعد اسرائیل نے 23 ستمبر سے گروپ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

اس کشیدگی کے نتیجے میں 1200 سے زیادہ افراد جان سے جا چکے ہیں اور 10 لاکھ کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں۔

حزب اللہ نے با رہا اعلان کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل کے علاقوں پر راکٹ فائر کیے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا