لبنان: اسرائیل کی آٹھ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق، حزب اللہ کا ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فورسز نے لبنان میں سرحد پار زمینی حملے شروع کرنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنی فوجیوں کی اموات کی تصدیق کی ہے۔

یکم اکتوبر 2024 کو اسرائیلی فوجی لبنان کے ساتھ سرحد کے قریب ٹینک کے پاس بیٹھے ہیں (اے ایف پی)

اسرائیلی فورسز نے لبنان میں سرحد پار زمینی حملے شروع کرنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بدھ کی شب جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ امن کی بحالی کو ترجیح دیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق: ’حالیہ مہینوں میں اسرائیل نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجے میں انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالا ہے جب کہ لبنان پر اس کے حالیہ حملے نے کشیدگی کو مزید ہوا دی ہے جس سے بے گناہ شہریوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

’فلسطین، لبنان اور خطے کے عوام خوف اور تشدد کی بجائے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں۔ تمام فریقوں کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ تنازع سے پیچھے ہٹیں اور عالمی برادری کو بھی کشیدگی کم کرنے کے لیے تیزی سے کارروائی کرنا چاہیے۔‘

بیان میں کہا گیا: ’پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے، لبنان کی خودمختاری کے تحفظ اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔‘

دوسری جانب بدھ کو حزب اللہ نے جھڑپوں میں مارون ال راس کے علاقے میں تین اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے بدھ کی شام جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف جنوبی لبنان میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے یہ تعداد ایک بتائی گئی تھی۔

یہ پیش رفت ایران کی جانب سے اسرائیل پر دوسری مرتبہ براہ راست حملے کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی۔

لبنان میں اسرائیل کے پچھلے ہفتے سے جاری شدید حملوں میں اب تک ایک ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

اسرائیل نے اس دوران جنوبی بیروت میں گذشتہ ہفتے ایک بڑے حملے میں لبنانی گروپ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو قتل کیا تھا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے کہا کہ اس نے ایک سرحدی گاؤں میں داخل ہونے کی کوشش کے بعد اسرائیلی فوجیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے جب کہ اس کے جنگجو دوسرے علاقوں میں بھی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے ایک اسرائیلی یونٹ کو بھی دھماکہ خیز ڈیوائس سے نشانہ بنایا۔

ادھر لبنان کی سرکاری فوج نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے ملک سے انخلا سے قبل دو مختصر دراندازی کی تھی۔

لبنانی سرکاری فوج نے اپنے ایک فوجی کی اسرائیلی ڈرون حملے میں زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل کے زمینی حملے ایک دن بعد اسرائیلی فوج نے لبنانی رہائشیوں سے کہا کہ وہ جنوبی لبنان کے 20 سے زیادہ علاقوں کو خالی کر دیں۔

اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ وہ بیروت میں حزب اللہ کے اہداف پر بمباری کر رہا ہے۔

لبنانی سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ اسرائیل نے شہر کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو رات بھر بار بار نشانہ بنایا۔

اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے جنوبی بیروت سے تقریباً 20 دھماکوں کی آوازیں سننے کی تصدیق کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا