انڈیا: جنگلی ہاتھی نے سیلفی لیتے ہوئے شخص کو کچل ڈالا

محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ہاتھی کو بہت بڑا اور بپھرا ہوا قرار دیا، جو پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ سے مہاراشٹر کے گڑھ چرولی جنگل میں داخل ہوا تھا۔

30 جولائی 2024 کو انڈیا کی ریاست تمل ناڈو میں نیلگیری کے پہاڑوں میں واقع مڈوملائی نیشنل پارک میں ایک ہاتھی پودوں کے پاس سے گزر رہا ہے (ادریس محمد / اے ایف پی)

انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ایک شخص کو جنگلی ہاتھی نے سیلفی لینے کی کوشش کے دوران کچل کر مار دیا۔

23 سالہ الیکٹریشن ششی کانت رام چندر سترے جمعرات کو ایک قریبی علاقے میں کیبل بچھا رہے تھے، جب انہیں پتہ چلا کہ گڑھ چرولی کے جنگل میں ایک جنگلی ہاتھی گھوم رہا ہے۔

سترے نے مبینہ طور پر اپنے دو دوستوں کے ساتھ ہاتھی دیکھنے کے لیے جنگل میں جانے کا فیصلہ کیا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہاتھی کو دیکھ کر انہوں نے دور سے سیلفی لینے کی کوشش کی۔

تاہم ہاتھی، جسے محکمہ جنگلات کے افسران نے سی ایم ای تھری کا نام دیا تھا، بپھر گیا اور سترے کو اپنے پیروں تلے روند ڈالا۔

دیگر دو افراد اپنی جان بچانے اور علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ہاتھی کو بہت بڑا اور بپھرا ہوا قرار دیا، جو پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ سے مہاراشٹر کے گڑھ چرولی جنگل میں داخل ہوا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ہاتھی نے نومبر 2023 سے مئی 2024 کے درمیان چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور مہاراشٹر ریاستوں میں کم از کم سات دیگر افراد کو جان سے مارا ہے۔

مہاراشٹر کے پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ وویک کھانڈیکر نے کہا: ’ہم نے پہلے ہی آس پاس کے گاؤں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے مطلع کر دیا ہے اور ہر گاؤں میں محکمہ جنگلات کا عملہ تعینات کر دیا ہے۔‘

انہوں نے انڈین اخبار کو بتایا کہ ’ریپڈ ریسکیو ٹیم کے ساتھ ہمارا فیلڈ عملہ پہلے ہی علاقے میں سرگرم ہے اور مقامی افراد کو جنگلی ہاتھیوں کی موجودگی کے بارے میں آگاہ کر رہا ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق انڈیا میں سیلفی لیتے ہوئے سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے بعد امریکہ اور روس کا نمبر آتا ہے۔

جنوبی انڈیا میں فروری کے اوائل میں ایک ایشیائی شیر نےایک شخص کو اس وقت مار دیا تھا، جب اس نے جانور کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے اس کے باڑے میں چھلانگ لگائی تھی۔

چڑیا گھر کے عہدیداروں نے بتایا کہ 38 سالہ پرہلاد گجر نے جمعرات کو تروپتی کے شری وینکیٹسورا زولوجیکل پارک میں 12 فٹ اونچی باڑ کو عبور کیا اور شیر کے باڑے میں چھلانگ لگا دی۔

2021 میں چھتیس گڑھ میں ایک ہاتھی نے ایک اور شخص کو اس وقت کچل دیا تھا، جب وہ اس کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہا تھا۔

جرنل آف ٹریول میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق 2008 سے 2021 کے درمیان دنیا بھر میں سیلفی کی وجہ سے 379 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا