انڈیا: سیلفی لیتے ہوئے خاتون سو فٹ گہری کھائی میں جا گری

پولیس اور ریسکیو ٹیم نے مہاراشٹر میں ایک آبشار کے قریب سیلفی بنانے کے دوران کھائی میں گرنے والی خاتون کو بچا لیا۔

مہاراشٹر میں سیلفی لینے کے دوران 100 فٹ گہری کھائی میں گرنے کے بعد خاتون کو بچا لیا گیا (سکرین گریب/ پونے پلس)

انڈیا میں ایک 29 سالہ خاتون مبینہ طور پر سیلفی بناتے ہوئے تقریباً سو فٹ گہری کھائی میں جا گریں۔ تاہم ان کی جان بچا لی گئی۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ خاتون ہفتے کو دوستوں کے ساتھ ریاست مہاراشٹر کے تفریحی مقام بھورنے گھاٹ گئیں، جہاں وہ دوسیگار آبشار کے قریب کھائی میں گر گئیں۔

مقامی انتظامیہ نے شدید بارش سے پیدا ہونے والے مشکل موسمی حالات کے پیش نظر ریاست کے مشہور سیاحتی مقامات میں شامل دوسیگار آبشار کی سیر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دوستوں کے گروپ نے ابتدائی طور پر آبشار دیکھنے کا منصوبہ بنایا لیکن جب اسے بند دیکھا تو پہاڑی درے پر پہنچ گیا۔

اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق تصویریں بناتے ہوئے مذکورہ خاتون کا پاؤں کھائی کے کنارے پر پھسل گیا اور اس میں جا گریں۔

ان کے دوستوں نے واقعے کی فوری اطلاع پولیس کو دی، جو امدادی عملے کے ساتھ جلد ہی موقعے پر پہنچ گئی۔

خاتون کو کامیابی کے ساتھ بچا لیا گیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت ٹھیک ہے۔

ریسکیو آپریشن کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امدادی کارکن خاتون کو رسے کی مدد سے کھائی سے باہر لا رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ واقعہ مہاراشٹر کے قریب کومبھے آبشار کے قریب کھائی میں 27 سالہ خاتون کے گرنے سے موت کے تقریباً 15 دن بعد پیش آیا۔

آنوی کمدار نامی خاتون اپنے انسٹاگرام پیج کے لیے ویڈیو بنانے کے دوران آبشار کے قریب ایک پہاڑی سے 350 فٹ گہری کھائی میں گرنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔

حکام نے چھ گھنٹے تک ریسکیو آپریشن کیا لیکن ہسپتال پہنچنے پر خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق انڈیا میں سیلفی لینے کے دوران سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد امریکہ اور روس کا نمبر آتا ہے۔

جرنل آف ٹریول میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق 2008 سے 2021 تک دنیا بھر میں سیلفی لیتے ہوئے 379 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا