ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ اب نیٹ فلکس پر لائیو

ڈبلیو ڈبلیو ای کا ایونٹ را رواں ہفتے سے سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔

ریسلنگ کے معروف شو ’ڈبلیو ڈبلیو ای‘ کے نئے  دور کا آغاز نیٹ فلکس پر ہو رہا ہے (ڈبلیو ڈبلیو ای/نیٹ فلکس)

ریسلنگ کے معروف شو ’ڈبلیو ڈبلیو ای‘ کے نئے  دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

ریسلنگ کی تاریخ کا سب سے مشہور ٹی وی شو رواں ہفتے سے سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے، جس سے کیبل ٹی وی پر اس شو کی دہائیوں سے جاری نشریات کا خاتمہ ہو گا اور پروموشن کا نیا باب شروع ہو گا۔

’منڈے نائٹ را‘ شو کی 1,650 ویں قسط لاس اینجلس کے انٹوٹ ڈوم سے نشر ہوگی جو نیٹ فلکس کے ساتھ ڈبلیو ڈبلیو ای کی 10 سالہ شراکت داری کا باضابطہ آغاز ہے۔

گذشتہ سال جنوری میں طے پائے والے اس معاہدے کی مالیت پانچ ارب ڈالر سے زیادہ ہے جو نیٹ فلکس کو اسے مزید 10 سال تک بڑھانے یا پانچ سال بعد معاہدہ ختم کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے صدر نک (نکولس) خان نے اس بارے میں کہا: ’ہم ڈبلیو ڈبلیو ای کو امریکہ کی تمام 50 ریاستوں اور دنیا بھر کے ممالک میں مقبول بنانا چاہتے ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ نیٹ فلکس بھی یہی کام کر سکتا ہے۔‘

190 سے زائد ممالک میں 28 کروڑ 23 لاکھ سبسکرائبرز رکھنے والا نیٹ فلکس اب منڈے نائٹ را کا امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور لاطینی امریکہ میں خصوصی پلیٹ فارم ہوگا اور وقت کے ساتھ مزید ممالک اس میں شامل کیے جائیں گے۔

نیٹ فلکس کے لیے سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ پلیٹ فارم ڈبلیوڈبلیو ای کے تمام شوز باقی دنیا میں بھی لے جائے گا، جن میں ’سمیک ڈاؤن‘، ’نیکسٹ‘، ریسل مینیا‘ ’سمر سلیم‘ اور ’رائل رمبل‘ جیسے شو شامل ہیں۔

امریکہ میں ’سمیک ڈاؤن‘ تین ماہ قبل فاکس سے یو ایس اے نیٹ ورک پر منتقل ہوا تھا اور ’نیکسٹ‘ یو ایس اے سے سی ڈبلیو پر نشر ہوا تھا۔

پی کاک کے پاس مارچ 2026 تک ڈبلیو ڈبلیو ای کے پریمیم لائیو ایونٹس نشر کرنے کا معاہدہ ہے۔

منڈے نائٹ را یا ’را‘ نے 11 جنوری، 1993 کو نشریات شروع کی تھیں اور یہ ٹی وی پر سب سے طویل چلنے والی ہفتہ سیریز ہے۔

زیادہ تر عرصہ یہ یو ایس اے نیٹ ورک پر نشر ہوا لیکن کچھ عرصے کے لیے یہ سپائیک ٹی وی (اب پیراماؤنٹ نیٹ ورک) پر بھی نشر ہوا۔

نیٹ فلکس کی چیف کنٹینٹ آفیسر بیلا باجاریا نے کہا: ’اس میں زبردست کہانیاں، کردار اور یادگار و حیران کن لمحات ہوتے ہیں۔ شائقین کے زبردست جوش و خروش کو ان کرداروں اور ہماری عالمی رسائی کے ساتھ جوڑنے کا خیال بہت اچھا موقع ہے۔

’ہمیں ملٹی جنریشنل فین بیس بھی پسند ہے۔ یہ ہماری توقعات پر پورا اترتا ہے اور اسے سال میں 52 ہفتے نشر کرنا بہت پرجوش بات ہے۔‘

گذشتہ سال ڈبلیو ڈبلیو ای کی عالمی رسائی میں اضافہ ہوا ہے، جس میں تقریباً نصف پریمیم لائیو ایونٹس بیرون ملک منعقد ہوئے۔

کمپنی مارچ میں یورپ کے ایک وسیع دورے پر بھی جائے گی تاکہ اپریل 19 اور 20 کو لاس ویگاس میں ہونے والے’ریسل مینیا 41‘ کے لیے ماحول بنایا جا سکے۔

نک خان نے کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے پہلی بار 2018 میں معاہدے کے لیے نیٹ فلکس سے رابطہ کیا تھا لیکن اس وقت نیٹ فلکس لائیو ایونٹس نشر کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

گذشتہ سال کے دوران نیٹ فلکس نے نہ صرف کھیلوں کے ایونٹس بلکہ کرس راک کے کامیڈی سپیشل اور ٹام بریڈی کے روسٹ جیسے پروگراموں کے ذریعے براہ راست نشریات کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

نیٹ فلکس کے نان فکشن سیریز اور سپورٹس کے نائب صدر برینڈن ریگ نے کہا کہ ’را‘ کے ہر ہفتے سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے جوش و خروش اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے مستقل ناظرین کی وجہ سے اس بار یہ فطری انتخاب تھا۔

ریگ کا خیال ہے کہ نیٹ فلکس ڈبلیو ڈبلیو ای کے ناظرین کی تعداد اسی طرح بڑھا سکتا ہے جیسے اس نے فارمولا ون اور’ڈرائیو ٹو سروائیو‘ سیریز کے ساتھ کیا۔

انہوں نے کہا: ’یہ واقعی پوری منصوبہ بندی کے مطابق تھا کہ ہم کرسمس پر ٹائسن پال فائٹ اور نیشنل فٹ بال لیگ (این ایف ایل) جیسے بڑے ایونٹس کرنے جا رہے ہیں، لیکن پھر سال بھر اگر ہم ان شاندار لائیو لمحات اور ایونٹس کا مستقل سلسلہ رکھ سکیں، تو ڈبلیو ڈبلیو ای اس میں زبردست اضافہ کرے گا۔‘

نیلسن کے مطابق یو ایس اے نیٹ ورک پر’را‘  کی آخری قسط اوسطاً 16 لاکھ ناظرین کے ساتھ نشر ہوئی حالانکہ اسی وقت ’منڈے نائٹ فٹ بال‘ میں ڈیٹرائٹ لائنز اور سان فرانسسکو کے درمیان میچ جاری تھا۔

نک خان اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیف کنٹینٹ آفیسر پال ’ٹرپل ایچ‘ لیوسک نے زور دیا کہ تین گھنٹے کے اس ہفتے وار شو کی ریٹنگ نیٹ فلکس پر منتقل ہونے سے متاثر نہیں ہوگی۔

لیوسک نے کہا: ’یہ کسی کو بھی وہ دیکھنے سے نہیں روکتا جو وہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ خاندانوں اور سب کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے اور یہ نہیں بدلے گا لیکن آپ کو اس میں توسیع اور بہتری کے لیے اسے بدلنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیرونی مشکلات کے باوجود ڈبلیو ڈبلیو ای کی کہانی سنانے کے طریقہ اور کردار سازی کا شاندار عمل جاری ہے۔

پچھلے سال جنوری میں چیئرمین ونس میک میہن نے جنسی بدسلوکی کے الزامات کے بعد استعفیٰ دیا۔

2023 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کو اینڈیوئیر کمپنی نے خریدا اور اس کو ’الٹیمیٹ فائیٹنگ چیمپیئن شب‘ کے ساتھ ضم کر کے ٹی کے او گروپ ہولڈنگ بنایا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے مطابق 2024 میں ٹی وی شو کے لیے 44 بار تمام ٹکٹس فروخت ہوئیں اور مجموعی طور پر 66 بار سولڈ آؤٹ شو ہوئے جن میں ہاؤس شوز اور پریمیم لائیو ایونٹس شامل ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیمپئین کودی روڈز نے نک خان اور لیوسیک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کمپنی کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا اور کچھ لائیو ایونٹس کو کم کر کے اس بات کو یقینی بنایا کہ اہم کھلاڑی پورے سال تھکاوٹ کا شکار نہ ہوں۔

لیوسیک نے کہا کہ پیر کا شو پریمیم لائیو ایونٹ جیسا ہو گا۔ جان سینا، جو سال کے آخر میں ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائر ہو رہے ہیں، اپنے الوداعی ٹور کا آغاز تین بڑے میچوں سے کر رہے ہیں۔ یہ بھی کوئی حیرانی کی بات نہیں ہوگی اگر اس میں ڈوین ’دا راک‘ جانسن بھی نظر آئیں۔

رومین رینز نے، جو ایک اہم میچ کا حصہ ہوں گے، کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ پیر کی رات کمپنی کے لیے کتنی اہم ہے۔

ان کے بقول: ’اس بات کو چھپایا نہیں جا سکتا کہ یہ نیٹ فلکس ہے اور یہ بہت بڑا ہلیٹ فارم ہے اور عالمی سطح پر بہت سے لوگ یہ دیکھ رہے ہوں گے۔ مجھے یقین نہیں کہ ناظرین کا ردعمل کیا ہو گا مگر میں جانتا ہوں کہ یہ جوش سے بھرپور ہوگا۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل