چینی ڈبل کیبن گاڑی جیک ٹی نائن ہنٹر پاکستان میں متعارف کروا دی گئی ہے، جسے معروف اور مخصوص معانی رکھنے والی جیپ ’ویگو ڈالا‘ سے مشابہت کے باعث ’چینی ویگو ڈالا‘ کہہ کر پکارا جا رہا ہے۔
یہ گاڑی ابتدائی طور پر سفید، سیاہ اور سرخ رنگوں میں لانچ کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان میں فور بائی فور جیپیں چلانے والے شوقینوں کے لیے جیک ٹی نائن ہنٹر ایک اہم اضافہ ثابت ہو گی اور محدود مدت کے لیے اس کی قیمت نو کروڑ سات لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
جیک ٹی نائن ہنٹر ڈبل کیبن پک اپ، جو کہ مشہور چینی آٹومیکر جیک موٹرز کی تیار کردہ ہے، پاکستان میں گندھارا آٹو موبائلز کے ذریعے لانچ کی جا رہی ہے۔
گندھارا آٹو موبائلز کے جنرل مینیجر اور مارکیٹنگ ہیڈ زین افضل نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ اس گاڑی کو ’بہترین خصوصیات اور خوبصورتی کے امتزاج کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جیک ٹی نائن ڈبل کیبن پک اپ 20 لیٹر ڈیزل انجن کے ساتھ آتی ہے، جو 170 ہارس پاور کی قوت رکھتا ہے۔ اس پاور ٹرین کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ کارکردگی اور ایندھن کی بچت (Fuel Efficiency) کے درمیان بہترین توازن فراہم کرے، تاکہ یہ گاڑی شہر کی سڑکوں سے لے کر آف روڈ راستوں تک مختلف ڈرائیونگ کنڈیشنز کو بخوبی سنبھال سکے۔‘
زین افضل کا کہنا تھا کہ ’یہ انجن سپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن اور فور بائی فور ڈرائیو ٹرین کے ساتھ مربوط ہے، جو ہموار کارکردگی کو یقینی بناتا ہے، چاہے ہائی وے پر ہو یا مشکل راستے پر۔ 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی ٹاپ سپیڈ اور یورو ٹو ایمیشن سٹینڈرڈز کی مطابقت کے ساتھ جیک ٹی نائن ہنٹر طاقت اور ماحول دوست خصوصیات کا بہترین امتزاج پیش کرتی ہے۔‘
کراچی میں منعقدہ اس لانچنگ تقریب میں سلمیٰ مروت بھی شریک ہوئیں، جنہوں نے گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو کا تجربہ کیا۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا: ’گاڑی بہت آرام دہ بنائی گئی ہے۔ اس میں فیول اتنا زیادہ نہیں لگے گا۔ یہ اس کی اہم خاصیت ہے، جب کہ ڈیزائن کی مناسبت سے بھی یہ پک اپ خوبصورت بنائی گئی ہے۔‘
یہ لانچ گندھارا آٹو موبائلز کے لیے ایک اہم سنگ میل ہو گا، کیونکہ پاکستان میں پک اپ مارکیٹ مسلسل ترقی کر رہی ہے اور جدید، مضبوط اور ورسٹائل ٹرکوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بیرونی ساخت
۔ ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، ڈے ٹائم رننگ لیمپس اور ریئر کومبینیشن لیمپس
۔ الیکٹرک سن روف
۔ روف ریلز اور پروٹیکٹیو ہیڈ لائنر
۔ ہیٹڈ اور آٹو فولڈنگ سائیڈ مررز
۔ کروم ڈور ہینڈلز
۔ ہیڈ لیمپ لیولنگ، آٹو ہیڈ لیمپ لائٹنگ اور فالو می ہوم فنکشن
اندرونی ساخت
۔ چمڑے سے مزین سیٹیں، جن میں ڈرائیور کے لیے سکس وے پاور ایڈجسٹمنٹ اور مسافر کے لیے فور وے پاور ایڈجسٹمنٹ شامل ہیں۔
۔ سات انچ کا انسٹرومنٹ کلسٹر
۔ 10.4 انچ ٹچ سکرین، بلو ٹوتھ، ایپل کار پلے/اینڈرائیڈ آٹو اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے ساتھ
۔ بارش محسوس کرنے والے وائپرز، ریئر اے سی وینٹس اور آٹو ڈمنگ ریئر ویو مرر
۔ وائرلیس موبائل چارجنگ، متعدد یو ایس بی پورٹس اور 220 وولٹ ایکسیسری ساکٹ
۔ نیوی گیشن سسٹم اور ایک مضبوط آڈیو سسٹم
سیفٹی فیچرز
۔ اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (اے بی ایس)
۔ الیکٹرانک بریک فورس ڈسٹری بیوشن (ای بی ڈی)
۔ بریک اووررائیڈ سسٹم (بی او ایس)
۔ ہل سٹارٹ ہولڈ کنٹرول (ایچ ایچ سی)
۔ ہائیڈرولک بریک اسسٹ (ایچ بی اے)
۔ ٹریکشن کنٹرول سسٹم (ٹی سی ایس)
۔ وہیکل ڈائنامک کنٹرول (وی ڈی سی)
۔ الیکٹرانک سٹیبلٹی کنٹرول (ای ایس سی)
۔ ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم (ٹی پی ایم ایس)
۔ متعدد ایئر بیگز (فرنٹ اور کرٹن)
۔ 360 ڈگری ویو کیمرا
۔ بچوں کے لیے ISOFIX سیٹ