امریکہ: ایموری یونیورسٹی کے خلاف مسلم، فلسطین مخالف تعصب کی شکایت حل

امریکہ کے محکمہ تعلیم نے بتایا کہ یونیورسٹی نے تربیت اور سروے تیار کرنے اور گذشتہ سال غزہ پر اسرائیل جارحیت کی امریکی حمایت کے خلاف ہونے والے کیمپس احتجاج پر اپنے ردعمل کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔

25 اپریل 2024 کی اس تصویر میں امریکہ کی ایموری یونیورسٹی میں  طلبہ احتجاج کے دوران فلسطین کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں (اے ایف پی)

امریکی محکمہ تعلیم نے جمعرات کو جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ایموری یونیورسٹی میں مسلم، عرب اور فلسطینی طلبہ کے خلاف امتیازی سلوک کے خدشات کا نوٹس لیا اور اس مسئلے کے حل کے لیے ادارے کے ساتھ ایک تصفیہ طے پا گیا۔

یونیورسٹی نے اپنی غیر امتیازی پالیسیوں اور طریقہ کار میں نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا، جن میں احتجاج سے متعلق قواعد اور ہراسانی کی ایک نئی تعریف شامل ہے، جس میں حقیقی یا سمجھی جانے والی مشترکہ وراثت کی بنیاد پر ہراسانی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے بتایا کہ یونیورسٹی نے تربیت اور سروے تیار کرنے اور گذشتہ سال غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی امریکی حمایت کے خلاف ہونے والے کیمپس احتجاج پر اپنے ردعمل کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔

یونیورسٹی نے کہا کہ اس کے خلاف کسی غلط کام کا ثبوت نہیں ملا اور اس نے امتیازی سلوک سے متعلق پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے رضاکارانہ طور پر ایک قرارداد پر دستخط کیے ہیں۔

حقوق کے حامیوں نے غزہ پر اسرائیل کے حملے کے بعد، جو کہ سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد شروع ہوا، فلسطینیوں، اسلام مخالف اور یہود مخالف واقعات میں اضافے کی نشاندہی کی ہے۔

1964 کے سول رائٹس ایکٹ کا ٹائٹل چھ ان امریکی تعلیمی پروگراموں میں نسل پرستی کے خلاف پابندی عائد کرتا ہے، جو وفاقی فنڈنگ حاصل کرتے ہیں۔

امریکی یونیورسٹیوں میں کئی مہینوں تک مظاہرے ہوئے جن میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے امریکی حمایت ختم کرنے اور ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری بند کرنے کا مطالبہ کیا، جو مبینہ طور پر فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے قبضے کی حمایت کرتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ سال اپریل میں اس وقت کے کارکنان نے کہا تھا کہ یونیورسٹی کے منتظمین کی درخواست پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ایموری یونیورسٹی میں طلبہ مظاہرین کے خلاف ٹیسر اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

محکمہ تعلیم نے اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہو سکتا ہے اپریل 2024 کے احتجاج کے دوران گرفتاریوں کی ویڈیوز میں دکھائی جانے والی ضرورت سے زیادہ قانون نافذ کرنے کی کارروائی نے کیمپس کمیونٹی کے فلسطینی، عرب یا مسلم اراکین کے لیے ایک مخالف ماحول پیدا کر دیا ہو۔‘

امریکی سرکاری اداروں نے غزہ کی لڑائی شروع ہونے کے بعد دیگر اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاہدے کیے ہیں، جن میں جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا جیسی یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

جمعرات کو، محکمہ انصاف نے فلوریڈا کے سی ورلڈ میں ڈبل ٹری بائی ہلٹن ہوٹل کے ساتھ عربوں کے خلاف امتیازی پالیسی کے الزامات کے حل کے لیے ایک معاہدہ طے کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ