نوشکی: تیل سے بھری گاڑی میں آگ لگنے سے ایک شخص کی موت، 50 زخمی

نوشکی میں ٹرک اڈے پر تیل لے جانے والی گاڑی میں آگ لگنے سے زخمی ہونے والوں میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پیر کو ٹرک اڈے پر تیل لے جانے والی ایک گاڑی میں آگ لگنے سے ایک شخص جان سے گیا اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

ٹیچنگ ہسپتال نوشکی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر مینگل نے تصدیق کی کہ زخمیوں میں پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

ان کے مطابق 20 زخمیوں کی حالت نازک ہے جبکہ دو شدید زخمیوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایڈیشنل ایس ایچ او نوشکی محمد حسن مینگل نے بتایا کہ زخمیوں میں ڈی ایس پی، ایک اے ایس آئی، دو پولیس اہلکار اور فائر بریگیڈ کا ایک اہلکار شامل ہے۔

ان کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹینکر میں ویلڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی اور دھماکہ ہو گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ٹینکر میں ویلڈنگ کے وقت اندر تیل موجود تھا یا قریب ہی کوئی پٹرول سے بھری گاڑی کھڑی تھی۔

محمد حسن مینگل کے مطابق ٹرک کا ڈرائیور موقعے پر ہی جھلس کر جان سے گیا۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے سے فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی۔

ان کے مطابق حادثے میں 30 سے زائد افراد جھلسے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد سومرو نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور بعض شدید زخمیوں کی کوئٹہ منتقلی کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان