مکسڈ مارشل آرٹس میں کئی اعزازات رکھنے اور پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والے اشرف طائی دل اور گردوں کے امراض میں مبتلا اور کراچی کے ایک سرکاری ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
نصف صدی تک مارشل آرٹس کے کھیلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے اور بے شمار نوجوانوں کو کراٹے سکھانے والے اشرف طائی کے شاگردوں نے علاج معالجے میں ان کے خاندان کی مدد کی لیکن حکومتی کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کی مالی امداد نہ مل سکی۔
اشرف طائی کہ اہلیہ سیدہ ثمینہ شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’گذشتہ دنوں دل کی شدید تکلیف کے بعد انہیں کارڈیالوجی وارڈ میں داخل کیا گیا اور ڈاکٹروں نے سٹنٹ ڈالنے کا مشورہ دیا ہے۔
’انہیں دوسری بار دل کی تکلیف ہوئی جبکہ وہ ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے امراض کا بھی شکار ہیں۔‘
کچھ عرصے سے 70 سالہ اشرف طائی کو گردوں کا عارضہ بھی لاحق ہے۔
ثمینہ شاہ نے مزید بتایا کہ اشرف طائی کو ان کے شاگردوں کی مدد کی وجہ سے پرائیویٹ وارڈ میں رکھا گیا، جب کہ اب وہ آئی سی یو میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’حکومت سے مدد کی بارہا اپیل کی لیکن اسے نظر انداز کر دیا گیا۔‘
ثمینہ شاہ نے مزید کہا کہ کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر طائی کراٹے سینٹر کی عمارت کے کرائے سے گھر کا خرچہ چلایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’لیکن اب وہاں گرین لائن منصوبے کی وجہ سے سینٹر کی آمدنی میں نمایاں کمی آئی ہے، اس لیے ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں حکومتی امداد کی اشد ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے ان کے لیے مہنگا علاج کروانا ممکن نہیں ہے۔
پاکستان میں کھیلوں کی دنیا میں کراٹے ہمیشہ نظر انداز ہوتا رہا ہے، جس کی مایوسی ثمینہ شاہ کے مطابق اشرف طائی کو بھی تھی۔
ان کا کہنا تھا: ’انہیں ہمیشہ افسوس رہا کہ اتنے اعزازات حاصل کرنے کے کے بعد بھی وہ کرائے کی عمارت میں کراٹے کلب چلاتے رہے۔‘
ثمینہ شاہ نے کہا کہ اشرف طائی پاکستان کے فوجی اداروں میں بھی کراٹے اور مکسڈ مارشل آرٹس کی تربیت دیتے رہے ہیں۔
مارشل آرٹس میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے کی وجہ سے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی پانے والے اشرف طائی 1970 میں میانمار (اس وقت کے برما) سے پاکستان منتقل ہوئے تھے۔