انڈیا کے لیے سال بھر ہر فارمیٹ میں جادو دکھانے والے بولر جسپریت بمراہ آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ 2024 کا اعلان منگل کو کیا گیا ہے۔
جسپریت بمراہ کے ساتھ ساتھ اس ایوارڈ کے دعویداروں میں آسٹریلیا کا ٹریوس ہیڈ، انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک شامل تھے۔
انڈیا کے لیے جسپریت بمراہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پانچویں کھلاڑی ہیں۔ ان سے پہلے راہل ڈریوڈ 2004، سچن تندولکر 2010، رویچندرن ایشون 2016 اور وراٹ کوہلی 2017 اور 2018 میں لگاتار دو بار یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
کرکٹ کے ایک ایسے سال میں جب اکثر بلے بازوں کا پلڑا ہی بھاری دکھائی دیا، جسپریت بمراہ نے ثابت کیا کہ وہ جدید دور کی کرکٹ کے بہترین فاسٹ بولروں میں سے ایک ہیں۔
اس بات کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جسپریت بمراہ سال 2024 کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں، جس کی وجہ 13 ٹیسٹ میچوں میں 71 وکٹیں بنیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بمراہ نے تمام ہی فارمیٹس میں 2024 کے دوران مہارت، درستگی اور مسلسل مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بمراہ انڈیا کے لیے تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں، انہوں نے 20 سے کم بولنگ اوسط کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دیا جو تاریخ کی سب سے بہترین اوسط ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں انہوں نے 900 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا اور سال کا اختتام ریکارڈ 907 پوائنٹس کے ساتھ کیا جو تاریخ میں کسی بھی انڈین بولر کے لیے سب سے زیادہ پوائنٹس ہیں۔
بمراہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بھی چھائے رہے، جن کے لیے اگر یہ کہا جائے کہ انہوں نے 17 سال بعد انڈیا کے ٹائٹل جیتنے میں سب سے اہم کردار ادا کیا تو غلط نہ ہو گا۔
انہوں نے 8.26 کی حیرت انگیز اوسط اور صرف 4.17 کی اکانومی کے ساتھ 15 وکٹیں حاصل کیں، جس سے وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔