پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیو یارک میں او آئی سی گروپ کو سفارتی سطح پر بریفنگ دیتے ہوئے مسلم ممالک سے فلسطین کے مفادات، عرب اور امت مسلمہ کے اصولوں اور مقاصد کو محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پیر کو کہا کہ غزہ تنازعے نے فلسطینی عوام کے لیے تباہ کن نتائج مرتب کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غزہ فائر بندی کے معاہدے کو محفوظ رکھنے کے لیے سفارت کاری اور اس کے دوسرے اور تیسرے مراحل پر بات چیت اور عملدرآمد کی حمایت کرتا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے فلسطینیوں کو ان کے وطن سے نکالنے کی تجویزوں کی سخت مخالفت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں دو ریاستی حل کو محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسحاق ڈار نے کشمیر کے عوام کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اقدامات کرے۔
انہوں نے او آئی سی کے مشترکہ مقاصد کو اقوام متحدہ میں آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ان دنوں امریکہ میں ہیں جہاں انہوں نے پیر کو او آئی سی گروپ سے خطاب کیا جبکہ منگل کو انہوں نے اورسیز پاکستانی برادری سے بھی بات کی ہے۔
اس کے علاہ اسحاق ڈار منگل ہی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کثیر المقاصد عالمی طرز حکمرانی سے متعلق اجلاس میں شرکت کریں گے۔