شمالی انڈیا کے شہر مراد آباد میں ایک خاتون اور اس کے دوستوں پر جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک آوارہ بلی کو اس وجہ سے پکڑ کر زندہ جلا دیا کیونکہ اس نے ان کا راستہ کاٹ لیا تھا۔
یہ واقعہ اس وقت منظرعام پر آیا، جب دہلی کے وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو کو ایک ویڈیو کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی، جو آن لائن شیئر کی جا رہی تھی۔
پولیس نے ملزمہ کی شناخت صرف پریا کے نام سے کی ہے اور بتایا کہ وہ اتر پردیش کے گاؤں لالووالہ کی رہائشی ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون اور ان کے دوستوں نے وحشیانہ عمل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 30 سالہ پریا اور ان کے دوستوں نے مراد آباد کے بھوجپور گاؤں میں بلی کو ان کا راستہ کاٹنے کے بعد پکڑ کر مار دیا۔ انڈیا میں یہ توہم پرستی عام ہے کہ اگر بلی راستہ کاٹ لے تو یہ بدشگونی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
ویڈیو میں ایک گروہ کو بلی کو مارتے ہوئے، اس پر پیٹرول چھڑکتے اور پھر اسے آگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق پریا اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف 1972 کے جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس قانون کے تحت ایسے حیوانی ظلم کے اقدامات پر تین سال تک قید اور بھاری جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
مراد آباد کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سراج کمار نے مقامی انگریزی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو بتایا: ’ہم نے ویڈیو میں نظر آنے والی موٹر سائیکل کے رجسٹریشن نمبر کی تصدیق کے بعد پریا کو ٹریس کیا۔‘
انڈیا میں جانوروں پر ظلم کے کئی واقعات عام ہیں، جن کے خلاف پولیس کارروائی بھی دیکھی گئی ہے۔
2020 میں جنوبی ریاست کیرالہ میں ایک حاملہ جنگلی ہتھنی اُس وقت ہلاک ہو گئی، جب اس نے ایک ایسا انناس کھا لیا، جس میں آتش گیر مواد نصب تھا۔
دھماکے کے بعد زخمی ہتھنی قریبی دریا میں جا کر گھنٹوں تک کھڑی رہی کیوں کہ وہ اپنے بری طرح زخمی منہ اور زبان کو پانی میں ٹھنڈک پہنچانے کی کوشش کر رہی تھی۔
رواں سال جنوری میں وسطی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں ایک شخص نے مبینہ طور پر فون خراب ہونے کے تنازعے پر ایک پالتو کتے اور ایک سکوٹر کو آگ لگا دی۔ کتا شدید زخمی ہوا لیکن زندہ بچ گیا۔
2023 میں جانوروں پر ظلم کے ایک اور واقعے میں اتر پردیش کے متھرا صدر بازار میں ایک نوجوان نے ایک آوارہ کتے کے بھونکنے سے تنگ آ کر اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔
© The Independent