گذشتہ رات امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو فاکس نیوز کے پروگرام میں آئے تو ان کے ماتھے پر صلیب کا سیاہ نشان بنا ہوا تھا۔
اس کے بعد متعدد لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اس نشان کا کیا مطلب ہے اور ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار نے میڈیا پر یہ نشان کیوں استعمال کیا جو بڑی حد تک مسیحیوں کے کیتھولک فرقے کے ساتھ مخصوص ہے، البتہ بعض دوسرے فرقے بھی یہ نشان استعمال کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس اقدام کی تعریف کے ساتھ ساتھ اس پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ امریکہ جیسے سیکیولر ملک میں ایک اعلیٰ حکومتی عہدے دار کے لیے مذہبی علامات کا کھلم کھلا استعمال کس حد تک جائز ہے۔
گذشتہ روز مسیحیوں کا تہوار ایش وینزڈے تھا، جو مسیحیوں کے مختلف فرقوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن سے لینٹ کا آغاز ہوتا ہے اور چھ ہفتوں تک دعائیں مانگی جاتی ہیں اور مختلف قسم کی عبادات کی جاتی ہیں جن میں روزے بھی شامل ہیں۔ لینٹ کا اختتام ایسٹر پر ہوتا ہے۔ اس سال ایسٹر 20 اپریل کو منایا جائے گا۔
ریاست فلوریڈا کی ایوانِ نمائندگان کی ویب سائٹ کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو مسیحیوں کے رومن کیتھولک فرقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
کیتھولک ڈاٹ اورگ ویب سائٹ کے مطابق ایش وینزڈے کی ایک خصوصیت ماتھے پر راکھ سے بنا ہوا کراس کا نشان یا صلیب کا نشان بنانا ہے۔ راکھ اس مٹی کی علامت ہے جس سے خدا نے انسان کو تخلیق کیا تھا۔ یہ نشان پادری لوگوں کے ماتھے پر لگاتا ہے اور نشان بنانے وقت کہتا ہے، ’یاد رکھو کہ تم مٹی سے پیدا ہوئے اور تمہیں مٹی ہی میں لوٹنا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسی ویب سائٹ کے مطابق یہ راکھ پام کے اس درخت کی شاخوں کو جلا کر بنائی جاتی ہے اور اسے پچھلے سال کے ماس میں ہونے والی دعائیہ تقریب میں استعمال کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی ماتھے پر راکھ سے نشان بنوا رہے ہیں۔ جے ڈی وینس بھی کیتھولک ہیں۔
اس سے قبل صدر بائیڈن بھی ایش وینزڈے کے موقعے پر ماتھے پر راکھ سے صلیب کا نشان بنوا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ بائیڈن بھی رومن کیتھولک ہیں۔
2022 میں بائیڈن نے پوپ کی جانب سے ایش وینزڈے کے موقعے پوپ کی جانب سے یوکرین پر روس کا حملہ روکنے کے لیے خدا سے دعا کی تلقین کی تھی۔
بائیڈن نے کہا تھا کہ جب آج صبح پادری نے میرے ماتھے پر راکھ لگائی تو ہم دونوں نے مل کر یوکرین کے عوام کے لیے دعا مانگی۔
کیتھولک نیوز ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے عملے کے لیے ایش وینزڈے کے موقعے پر وائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس موقعے پر ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ہم لاکھوں کیتھولک اور دوسرے امریکیوں کے ساتھ دعاؤں میں شریک ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد موقعوں پر مذہبی علامات اور پیغامات استعمال کر چکے ہیں۔ اپنی سیاسی مہم کے دوران انہوں نے بائبل کا ایک خصوصی ایڈیشن بھی جاری کیا تھا اور وہ دوسرے مذہبی تہواروں پر پیغامات جاری کرتے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِ عمل
میرا بل ٹوئٹس کے نام سے ایکس پر موجود صارف نے اسے ’ انتہائی پریشان کن‘ قرار دیا، انہوں نے لکھا کہ ’مارکو روبیو نے غزہ میں انسانوں کے قتل عام کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپنے ماتھے پر بدھ ایش کراس بنا رکھا ہے۔‘
اسی ٹویٹ پر ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ لوگ اپنے مذہب کے پیچھے چھپے بیٹھے ہیں، جبکہ روزانہ ایسے کام کرتے ہیں جو حضرت عیسیٰ کے الفاظ کے بالکل خلاف ہیں، یہ تو حیران کن ہے۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ’اسی لیے میں منظم مذہب کے سخت خلاف ہوں۔ اس نے لینٹ کے آغاز پر ماتھے پر راکھ لگوائی ہے اور پھر بھی جھوٹ بول رہا ہے۔ ان کے اصول حالات کے مطابق بدل جاتے ہیں، یہ لوگ منافق ہیں۔‘
ڈین نامی صارف نے ان کے اس عمل پر انہیں سراہتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دوبارہ ٹھیک ہو رہا ہے۔ ہم امریکہ میں بہت واضح ثقافتی تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ شکریہ، مارکو روبیو، اپنے ایمان کو نمایاں کرنے کے لیے۔‘