سلمان خان کی ’سکندر‘ تو جیسے آئی نہ آئی ایک برابر ہے۔ بہت سی فلاپ فلموں کا ایک آدھ گانا ضرور ہٹ ہوتا ہے لیکن سلمان نے یہاں بھی سب سے الگ کر دکھایا، فلم خراب تو گانے اس سے بھی خراب۔
فلم ہے نہ ڈھنگ کا کوئی گانا، ایسے میں چٹ پٹی خبروں سے بڑھ کر اور کیا ہو سکتا ہے۔
پریانکا چوپڑا کی ممکنہ واپسی
پریانکا چوپڑا نے، جو گذشتہ کچھ برس سے عالمی شہرت یافتہ اداکارہ چلی آتی ہیں، بولی وڈ واپسی کا پہلے ارادہ ظاہر کیا اور پھر فلمیں سائن کر لی ہیں۔
سانولے رنگ کی دیوی نے ریڈ سی فلم فیسٹیول کے موقعے پر کہا تھا کہ ’انڈیا ہمیشہ میرے دل کے قریب رہا ہے۔ انڈین فلمیں ہمیشہ میرا حصہ رہیں گی۔ بہت زیادہ امکان ہے کہ آئندہ برس میری ایک فلم ریلیز ہو گی، بس دعا کریں۔‘
اس بیان کے بعد شائقین میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں کہ شاید وہ ’جی لے ذرا‘ کی شوٹنگ شروع کرنے والی ہیں جو 2021 میں عالیہ بھٹ اور کترینہ کیف کے ساتھ اناؤنس کی گئی تھی مگر مصروفیات کے باعث مؤخر ہوتی رہی۔ بظاہر یہ مصروفیات کترینہ اور عالیہ کی تھیں۔
پریانکا آخری بار 2019 میں ’دی سکائی اِز پنک‘ میں نظر آئی تھیں جس کے بعد انہوں نے ’سِٹیڈل‘ اور ’لو اگین‘ جیسے بین الاقوامی پراجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر اور حسن کے جلوے دکھائے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ان کی ممکنہ واپسی انڈین اور عالمی سینیما کے درمیان ایک مضبوط پل ثابت ہو سکتی ہے۔
چہ مگوئیاں جو حقیقت کا روپ بھرتی نظر آ رہی ہیں وہ یہ ہیں کہ مہیش بابو کی فلم ’ایس ایس ایم بی 29‘ کے لیے پریانکا کو 30 کروڑ روپے کی بھاری بھرکم فیس ادا کی جا رہی ہے۔
اس فلم کے ہدایت کار راجا مولی ہیں جو آج کل ہٹ مشین بنے ہوئے ہیں۔ پریانکا ایک نہیں دو دھماکے کر رہی ہیں۔
دوسرا ’کرش فور‘ سائن کرنا ہے جس میں ان کا معاوضہ 20 سے 30 کروڑ روپے کے درمیان ہو گا۔ کچھ قیاس آرائیاں یہ بھی ہیں کہ وہ فکسڈ فیس کی بجائے منافعے میں حصہ داری کا ماڈل اپنانا چاہتی ہیں۔
آج کل سٹارز کی نئی پسندیدہ حکمت عملی یہی ہے کہ تھوڑی بہت آٹھ، دس کروڑ فیس لے لو اور باقی بزنس کے مطابق پانچ سات فیصد پر معاہدہ کر لو۔ فلم ہٹ ہوئی تو نفع ہی نفع۔ فلاپ ہوئی تو نقصان میں کوئی شراکت داری نہیں۔
’کیسری چیپٹر 2‘: ایک بھولا بسرا ہیرو پھر سے سامنے
2019 کی ہِٹ فلم ’کیسری‘ کے بعد اکشے کمار اب لے کر آ رہے ہیں ’کیسری چیپٹر 2: دی ان ٹولڈ سٹوری آف جلیانوالہ باغ‘، جو 18 اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔
یہ فلم 1919 کے جلیانوالہ باغ کے قتلِ عام کے نتیجے میں چھڑنے والی قانونی جنگ پر ہے۔ ہدایت کار کرن سنگھ تیاگی کی اس فلم میں اکشے سی شَنکرن نائر کا کردار نبھا رہے ہیں، جنہوں نے انگریزوں کے خلاف عدالت میں آواز بلند کی۔
آر مادھون جنرل ڈائر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جب کہ اننیا پانڈے ایک خودساختہ صحافی کے روپ میں نظر آئیں گی۔
فلم نہ صرف قانون جنگ اور مسلسل جدوجہد کو دکھاتی ہے بلکہ آزادی کی تحریک میں میڈیا اور عدلیہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالتی ہے۔
اکشے کمار کا کہنا ہے، ’یہ صرف تاریخ نہیں۔ یہ حقائق، یادداشت اور انصاف کی بات ہے۔‘ اس کے بعد فلم کا تیسرا حصہ بھی ریلیز کرنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ یہ مہاراجہ ہری سنگھ نلوہ کی زندگی پر اور سکھ عہد میں ان سے جڑی تاریخ کی عکاسی ہو گی۔
’چھوری 2‘: حقیقت پر مبنی ہارر فلم کی واپسی
نشرت بھروچا کی فلم ’چھوری 2‘ اب ایمزون پرائم ویڈیو پر دستیاب ہے، جو پہلی حصے کی کہانی کو آگے بڑھاتی ہے۔
اس بار صرف بھوت ہی نہیں بلکہ ایک ایسا کلٹ بھی سامنے آتا ہے جو لڑکیوں کے اسقاطِ حمل اور اس سے جڑے مذہبی نقطہ نظر کی نمائندگی کرتا ہے۔
فلم سماج میں لڑکیوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کو خوف ناک انداز میں پیش کرتی ہے۔
سوہا علی خان ایک دائی کے کردار میں جلوہ گر ہیں جو ایک خطرناک راز چھپائے بیٹھی ہے، جب کہ گشمیر مہاجنی ایک ایسے شخص کا کردار نبھا رہے ہیں جو سچ سامنے لانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
ہدایت کار وِشال فریہ کا کہنا ہے، ’یہ صرف ڈراؤنے مناظر کی کہانی نہیں، بلکہ خاموشی، اندھے عقائد اور غلط روایات سے جڑے خوف کی بھی عکس بندی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فلم کو اس کے ماحول، موضوع اور سنجیدہ پیغام کی وجہ سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ امید ہے آپ اسے دیکھ کر مایوس نہیں ہوں گے۔
فلموں کی دوبارہ نمائش
بولی وڈ کے شائقین کے لیے ایک خوش خبری کہ ان کی چند پسندیدہ فلمیں اب دوبارہ سینیما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہیں، وہ بھی ایچ ڈی فارمیٹ میں۔ ان میں چند فلموں کے نام ہیں:
جب وی میٹ (2007): کرینہ کپور کی یادگار اداکاری۔
راک سٹار (2011): رنبیر کپور کا جذباتی موسیقار کا کردار۔
رہنا ہے تیرے دل میں (2001): کلٹ فالوونگ حاصل کرنے والی رومانوی فلم۔
گینگس آف واسع پور (2012): انوراگ کشیپ کی شاہکار کرائم فلم۔
میں نے پیار کیا (1989): سادہ محبت کی کلاسک کہانی۔
آنکھیں (2002): نابینا افراد کا شاندار ایڈوینچر۔
خبریں ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ نیٹ فلکس پر ایک نیا پراجیکٹ زیر غور ہے، جو اگر ہوا تو سینیما کے دیوانوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہوگا۔