لاہور: گلوکار سلمان احمد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ

ایف آئی آر کے مدعی سب انسپکٹر تھانہ ڈیفنس اے کے مطابق سلمان احمد نے ایکس پر ایک پوسٹ میں قومی اداروں اور شخصیات کے خلاف بھڑکانے کی مذموم کوشش کی اور اشتعال انگیزی کی۔

پاکستانی موسیقار اور گلوکار سلمان احمد 19 اگست، 2010 کو نیو یارک سٹی میں ایشیا سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک فورم سے خطاب کر رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کے معروف موسیقار اور گلوکار سلمان احمد کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ پر پیکا ایکٹ کے تحت لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

یہ مقدمہ چار اپریل، 2025 کو رات نو بج کر 45 منٹ پر لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مدعی سب انسپکٹر اکرام حسین کے مطابق وہ اپنے موبائل فون پر سوشل میڈیا استعمال کر رہے تھے کہ اچانک سلمان احمد کی ایک پوسٹ ان کے سامنے آئی، جس میں قومی اداروں اور شخصیات کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز مواد شامل تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ سلمان احمد کے ایکس پر دو لاکھ 65 ہزار سے زائد فالوئرز ہیں، اور ان کی یہ پوسٹ ان تمام صارفین تک پہنچی، جس کے ذریعے قومی اداروں اور اہم شخصیات کے خلاف ذہن سازی کی کوشش کی گئی۔

سلمان احمد کے خلاف یہ مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ اس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 500، 504 اور 505 (1) بھی شامل کی گئی ہیں۔

تاحال سلمان احمد نے اس مقدمے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

سلمان احمد طویل عرصے سے پی ٹی آئی کے حامی رہے ہیں اور پارٹی کے مختلف پروگراموں میں گلوکاری کرتے رہے ہیں۔

2022 میں انہیں عمران خان کا ثقافت کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 2016 میں بھی انہیں اسلام آباد پولیس نے اس وقت مختصراً حراست میں لیا تھا جب وہ عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالہ جا رہے تھے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی