متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان دو روزہ دورے پر اتوار کو پاکستان پہنچ گئے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ یو اے ای کے نائب وزیراعظم 20 سے 21 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
بیان کے مطابق ’اعلیٰ سطح کے وفد کا یہ دورہ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔‘
حالیہ برسوں میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ ملا ہے۔ چین اور امریکہ کے بعد یو اے ای، پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
دورے کے دوران یو اے ای کے نائب وزیراعظم پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، جس میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے سے فریقین کو باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔
یو اے ای کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا موقع ملے گا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
متحدہ عرب امارات میں دس لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اورپاکستان کے لیے امارات میں مقیم تارکین وطن ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔
رواں سال فروری میں ابو ظبی کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے مائننگ، ریلوے، بینکنگ، اور انفراسٹرکچر کے شعبوں سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
گذشتہ سال جنوری میں پاکستام اور عرب امارات نے ریلوے، اکنامک زونز اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سے متعلق تین ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
ایک طویل معاشی بحران سے دوچار ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ہونے والی کوششوں کے دوران متحدہ عرب امارات ایک اہم شراکت کے طور پر سامنے آیا ہے۔