پاکستانی اب یو اے ای کا 5 سالہ ویزا حاصل کر سکیں گے: اماراتی قونصل خانہ

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں یو اے ای کے قوصل خانے کے ترجمان نے واضح کیا کہ پانچ سالہ ویزا صرف ان پاکستانی شہریوں کو ملے گا جو اس کی اہلیت رکھتے ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي کراچی میں 8 اپریل 2025 کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کر رہے ہیں (گورنر ہاؤس سندھ)

کراچی میں متحدہ عرب امارت (یو اے ای) کے قونصل خانے کے ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ اماراتی سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي اور قونصل جنرل بخيت عتيق الرميثي نے گورنر سندھ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستانیوں کے ویزے کے مسئلے کا حل نکال لیا ہے اور اب پاکستانی پانچ سال کا یو اے ای کا ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔

منگل کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں یو اے ای کے قوصل خانے کے ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ پانچ سالہ ویزا صرف ان پاکستانی شہریوں کو ملے گا جو اس کی اہلیت رکھتے ہوں گے۔

اس سے قبل گورنر ہاؤس سندھ سے بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي نے اعلان کیا کہ موجودہ مسائل کے حل کے بعد پاکستانی اب پانچ سالہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ پیشرفت گورنر ہاؤس سندھ میں اماراتی سفیر اور سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخيت عتيق الرميثي بھی موجود تھے۔

گورنر ہاؤس سندھ سے جاری ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعادة حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابي کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’ویزے کے مسائل حل ہو گئے ہیں، پاکستانی پانچ سالہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔‘

انہوں نے گورنر سندھ کو کراچی قونصلیٹ میں ویزا سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کامران ٹیسوری نے متحدہ عرب امارات کے سفارت کار کا صوبے میں خصوصاً کراچی میں اپنے ملک کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے گورنر کے اقدام کے تحت جاری منصوبوں کی تعریف کی۔

گورنر ہاؤس کے بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے حال ہی میں ملک میں آنے والے پاکستانیوں کے جرائم اور بھیک مانگنے جیسی غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے ان کی جانچ میں اضافہ کیا ہے۔

23 دسمبر کو سینیٹ کے ایک پینل کو بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے تمام پاکستانی مسافروں کی پولیس سے جانچ پڑتال اور تصدیق کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ٹریول ایجنٹس کو بھی ہدایت کی گئی۔

9 جنوری کو ایک اور اجلاس میں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کو بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کے لیے ’کام کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں‘۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے گورنر ہاوس میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا اور پرچم کشائی بھی کی،مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان