الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی چینی کمپنی CATL نے نئی ٹیکنالوجیز متعارف کروائی ہیں جن کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کو سستی، تیز چارجنگ، سرد موسم میں بہتر اور لمبی رینج کے قابل بنا کر انہیں پیٹرول گاڑیوں کا حقیقی متبادل بنایا جا سکتا ہے۔
پیر کو CATL نے اپنی نئی سوڈیم آئن بیٹری کے لیے ’نیکسٹرا‘ کے نام سے ایک برانڈ لانچ کیا جس کی صنعتی پیمانے پر پیداوار دسمبر سے متوقع ہے۔
ساتھ ہی کمپنی نے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے Shenxing نامی فاسٹ چارجنگ بیٹری کی نئی جنریشن بھی متعارف کرائی ہے۔
CATL پہلی بیٹری بنانے والی بڑی کمپنی تھی جس نے 2021 میں سوڈیم آئن بیٹری متعارف کرائی تھی۔
ماہرین کے مطابق سوڈیم چونکہ سستا اور بڑی مقدار میں دستیاب ہے اس لیے یہ دیگر بیٹری مواد کے مقابلے میں ایک محفوظ متبادل فراہم کرتا ہے اور گاڑیوں میں آگ لگنے جیسے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اہم ایجادات میں گریفائٹ سے پاک معاون بیٹریاں شامل ہیں جو توانائی کی گنجائش میں اضافہ کرتی ہیں۔
یہ ایک نیا چارجنگ سسٹم ہے جو صرف پانچ منٹ میں 320 میل کی رینج بڑھا سکتا ہے اور یہ سوڈیم آئن بیٹریاں سرد ترین موسم میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔
اگرچہ ان میں سے بعض ٹیکنالوجیز کو مارکیٹ تک پہنچنے میں دو سے تین سال لگ سکتے ہیں لیکن ماہرین اسے الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
چینی کمپنی CATL اس وقت دنیا کی ایک تہائی ای وی بیٹریاں بناتی ہے اور جنرل موٹرز اور ٹیسلا کے شنگھائی پلانٹ سمیت دنیا کے 16 بڑے آٹو ساز اداروں کو سپلائی فراہم کرتی ہے۔
روئٹرز کے مطابق CATL کے ارب پتی بانی روبن زینگ کا کہنا ہے کہ سوڈیم آئن بیٹریاں مستقبل میں لیتھیئم آئرن فاسفیٹ بیٹریوں کی نصف مارکیٹ پر قبضہ کر سکتی ہیں جہاں CATL پہلے ہی غالب ہے۔
الیکٹرک گاڑیاں اور بیٹریاں بنانے والی اور ایک معروف چینی کمپنی بی وائی ڈی اور چینی الیکٹرانکس کمپنی ہواوے نے بھی پانچ منٹ میں چارج کرنے والی سپر چارجنگ ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں۔
بی وائی ڈی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2025 میں اپنی نیکسٹ جنریشن کی ’بلیڈ بیٹری‘ لانچ کرے گی جو حجم میں چھوٹی، زیادہ محفوظ اور آگ سے بچاؤ کی بہتر صلاحیت رکھتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
CATL کی Shenxing بیٹری رواں سال 67 سے زائد نئی الیکٹرک گاڑیوں کے ماڈلز میں استعمال ہو گی۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ان میں کون سا ورژن استعمال کیا جائے گا۔
CATL کی بیٹریاں پہلے ہی 66 سے زائد ممالک میں 1.8 کروڑ سے زائد گاڑیوں میں استعمال ہو رہی ہیں۔
CATL نے ایک نیا سسٹم بھی متعارف کرایا ہے جو بیٹری پیکس کو مسافر طیاروں کے دو انجنوں کی طرز پر جوڑتا ہے تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی حفاظت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس کی سوڈیم آئن بیٹریوں کو سب سے پہلے چین کے شمال مشرقی شہر چانگچن کی فرسٹ آٹو ورکس کمپنی کے مال بردار ٹرکوں میں استعمال کیا جائے گا جہاں درجہ حرارت اکثر نقطہ انجماد سے کافی نیچے گر جاتا ہے۔
چین کے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے نے سوڈیم آئن بیٹریوں پر خاص توجہ دی ہے کیونکہ شمالی علاقوں میں سردیاں بہت سخت ہوتی ہیں، جو منگولیا اور سائبیریا کے قریب واقع ہیں۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین پر عائد بھاری محصولات کے باعث CATL کے پرزہ جات اور گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے جو کمپنی کی پیداوار اور عالمی مسابقت کو متاثر کر سکتا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع نے CATL کو ان کمپنیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے جن کے مبینہ طور پر چینی فوج سے روابط ہیں تاہم چینی کمپنی ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔
© The Independent