پاکستانی وزیر داخلہ کی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی

محسن نقوی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول موجود ہے

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی 13 مئی، 2023 کو لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں(وزیر اعلیٰ پنجاب ہاؤس)

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد کو ملک میں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی نے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول موجود ہے اور سرمایہ کاروں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 

ملاقات میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ محسن نقوی نے شرپسند عناصر کی کارروائیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لینے اور مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا بھی یقین دلایا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

بیان کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان حالیہ مہینوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے تاکہ طویل معاشی بحران اور مالیاتی دباؤ سے نکلنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

رواں ماہ اسلام آباد میں معدنیات پر ایک بین الاقوامی سربراہی اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا گیا۔

جون 2023 میں حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی تھی، جس کا مقصد دفاع، معدنیات، توانائی، زراعت، لائیو سٹاک، سیاحت اور دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان