امریکہ کے شہر نیو اورلینز میں بدھ کے روز ایک شخص نے تیز رفتار پک اپ ٹرک نئے سال کی تقریبات میں شریک افراد پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے مشہور فرنچ کوارٹر میں تقریباً 3:15 بجے پیش آیا جہاں 2025 کے آغاز کی تقریبات میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک مبینہ دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ این کرک پیٹرک نے صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ شخص زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روندنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘
کرک پیٹرک نے کہا کہ ’وہ تباہی اور نقصان پہنچانے پر تلا ہوا تھا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیور نے پولیس افسران پر فائرنگ بھی کی جس سے دو زخمی ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اگرچہ اس واقعے کو دہشت گردی کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا ہے، لیکن کرک پیٹرک نے کہا کہ ٹرک کو ’بہت تیز رفتار‘ اور ’انتہائی جان بوجھ کر‘ چڑھایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آئی اس واقعے کی تفتیش کی قیادت کرے گی۔
لوئیزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے اس واقعے کو ’تشدد کا ایک خوفناک عمل‘ قرار دیا۔
سال نو کی تقریب کے حوالے سے فرنچ کوارٹر میں تقریب کے باعث علاقہ لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔
سی بی ایس نیوز ٹیلی ویژن نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ ٹرک نے ہجوم کو روندنے سے پہلے اس کے ڈرائیور نے باہر چھلانگ لگا دی اور پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع کر دیا۔
نکول ماؤرر نے کہا کہ ’جب یہ ہمارے پاس سے گزرا تو ہم نے گولیوں کی آواز سنی اور پولیس کو اس سمت بھاگتے ہوئے دیکھا۔‘