پاکستان کی وومن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز وومن ٹیم کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اور پھر ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچ میں شکست کے بعد پاکستان وومن ٹیم نے زبردست واپسی کی اور آئی سی سی چیمپیئن شپ کے سلسلے کی اس سیریز میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان وومن ٹیم نے اس سیریز سے کیا حاصل کیا ہے؟
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان وومن ٹیم نے ویسٹ انڈیز وومن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔ پاکستان نے اس سیریز کے ابتدائی میچ میں شکست کے بعد بقیہ دونوں میچوں میں عمدہ کھیل پیش کیا اور نہ صرف سیریز میں واپسی کی بلکہ اس کا اختتام بھی اپنی پہلی سیریز کی جیت پر کیا۔
ٹیم کی شکل و صورت
پاکستان وومن ٹیم جس طرح ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہاری اور ماضی میں اسی ٹیم کے خلاف کوئی بھی ون ڈے سیریز نہ جیت پانے کا دباؤ پہلے ون ڈے میں خوب دکھائی دیا۔ تاہم اس کے بعد ٹیم کامبینیشن دکھائی دیا اور نہ صرف بلے باز بلکہ بولرں نے بھی خوب کھیل پیش کیا۔
پاکستانی ٹیم کے ٹاپ آرڈر نے رنز کیے اور مہمان ٹیم کو 240 رنز تک کا ہدف بھی دیا۔ اس کے برعکس جہاں بات مہمان ٹیم کو بڑا سکور کرنے سے روکنے کی آئی وہاں بولروں نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ندا ڈار اسی سیریز کے دوران پاکستان جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والی پانچویں بلے باز بنیں۔
آئی سی سی چیمپیئن شپ
متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی اس ون ڈے سیریز میں جیت سے آئی سی سی چیمپیئن شپ رینکنگ میں پاکستان وومن ٹیم کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان وومن ٹیم اب 12 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئی ہے جہاں روایتی حریف انڈیا بھی 12 پوائنٹس کے ساتھ ہی تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلوی خواتین ٹیم بدستور پہلے نمبر پر ہے۔