اٹلی کے سیاحتی شہر وینس کو 50 سالوں میں سب سے زیادہ سیلاب کا سامنا ہے جہاں سیاح پانی سے بچنے کے لیے گلیوں میں پناہ تلاش کرتے دکھائی دیے۔
نہروں کے شہر کے نام سے جانے والے شہر وینس میں سیلابی پانی چھ فٹ تک بلند ہوا تو شہر بھر میں الارم سنائی دینے لگا۔
وینس کے میئر کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اس وقت بلند لہروں کا سامنا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے سب کو متحرک کر دیا گیا ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایسی صورتحال ماضی میں 1923 سے ریکارڈ کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے صرف ایک بار پہلے پیش آ چکی ہے جب 1966 میں پانی کی میں ایک عشاریہ نو چار کا اضافہ ہوا تھا۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کی جانب سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ اطالوی میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک 78 سالہ شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
کوسٹ گارڈز کی جانب سے اضافی کشتیوں کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ انھیں واٹر ایمبولینس کے طور پر چلایا جا سکے۔