اداکار حمزہ علی عباسی نے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اب وہ اپنی باقی کی زندگی اسلام کے مطابق گزاریں گے اور اپنی ویڈیوز کے ذریعے لوگوں تک دین اور خدا کا پیغام پہنچائیں گے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ انہوں نے 12،13 سال کے عرصے کے دوران خدا اور موت کے بعد جیسی چیزوں پر سوچ بچار کی اور اس دوران ان کےسوالوں کے جو جواب انہیں ملے اب وہ اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔
حمزہ عباسی نے ویڈیو میں سب سے پہلے اللہ اور پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ماضی کی زندگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا: ’ میری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام میں صرف بدکاری حرام ہے، میں صرف اداکاری چھوڑ رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ نوعمری کے زمانے میں مذہب سے بہت دور ہوگئے تھے پر پھر سائنس نے ان کو مذہب میں واپسی کا راستہ دکھایا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حمزہ علی عباسی نے کہا: ’ہماری مذہبی فکر میں بہت سی ایسی باتیں رائج ہو چکی ہیں جن کے بارے میں بات کرنا بہت خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ میں ان چیزوں کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں۔ ایسے حساس موضوعات پر بات کرنا جان جانے کا باعث بن سکتا ہے لیکن میں پھر بھی اس بارے میں بات کرنا چاہوں گا۔ ‘
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ان کے مداح سنجیدہ موضوعات پر ان کی فلمیں اور ڈرامے دیکھیں گے۔
انہوں نے ویڈیو میں سیاست میں نہ آنے کا عندیہ بھی دیا، حمزہ علی عباسی کے مطابق انتخابی سیاست میں جھوٹ بولنا پڑتا ہے جو وہ نہیں چاہتے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز شیئر کرتے رہیں گے۔
’میری وڈیوز کے جواب میں مجھے یہودی اور احمدی قرار دی جائے گا، مجھ پر کسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کا الزام عائد کیا جائے گا۔ پر میں جو سچ سمجھوں گا وہی کہوں گا۔‘
چند روز قبل حمزہ عباسی نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ایک دہائی سے زائد کا سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا، انہوں نے اپنی ٹویٹ میں رواں ماہ کے آخر میں بہت اہم فیصلہ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
واضح رہے حمزہ عباسی اور نیمل خاور کی 25 اگست کو شادی ہوئی تھی جس کے بعد اداکارہ نیمل خاور نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا اور اب حمزہ عباسی نے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔