فحش فلموں کی امریکی اداکارہ وٹنی رائٹ نے افغانستان کا سفر کیا ہے تاہم افغان طالبان نے ان کے دورے کی تصدیق نہیں کی۔
طالبان نے 2021 میں افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خواتین اور لڑکیوں کے حقوق محدود کرتے ہوئے ملک میں سخت اخلاقی قوانین نافذ کر رکھے ہیں۔
وٹنی رائٹ کے گذشتہ برس ایران کے دورے نے ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا کیونکہ وہاں حکام خواتین کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہے تھے۔ وٹنی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر طالبان کے زیر کنٹرول ملک کے دورے کی تصاویر شیئر کیں۔
ان تصاویر میں رن وے پر افغانستان کی قومی ایئرلائن آریانہ کا طیارہ، مغربی شہر ہرات میں ٹائلوں سے آراستہ چھت، سپر مارکیٹ کا کچھ سامان اور گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں، تاہم ان میں رائٹ خود نظر نہیں آ رہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رائٹ نے جمعے کو ایسوسی ایٹڈ پریس کی جانب سے اس سلسلے میں کیے گئے رابطےکا کوئی جواب نہیں دیا۔ طالبان کی طرف سے بھی فوری طور پر اس بارے میں تبصرہ دستیاب نہیں ہو سکا۔
طالبان سیاحت کو فروغ دینے اور ملک کا مختلف پہلو دکھانے کے خواہش مند ہیں اور غیر ملکیوں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ تشدد میں کمی کے بعد لوگ یہاں کا رخ کرنے لگے ہیں۔
وٹنی رائٹ، جو امریکی شہری ہیں اور اوکلاہوما سٹی میں پیدا ہوئیں، کو افغانستان میں داخل ہونے کے لیے ویزا درکار تھا لیکن امریکہ میں کوئی فعال افغان سفارت خانہ یا قونصل خانہ موجود نہیں۔ دنیا بھر میں تقریباً 40 سفارتی مشنز طالبان کے زیرانتظام ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو کسی بھی وجہ سے افغانستان کا سفر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ وہاں بدامنی، جرائم، شدت پسندی اور اغوا جیسے مسائل سمیت صحت کی محدود سہولیات جیسے خطرات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی شہریوں کو ناجائز حراست میں لیے جانے کا بھی خدشہ ہے۔
وٹنی رائٹ حالیہ برسوں میں عراق، شام اور لبنان کا بھی سفر کر چکی ہیں۔