سال میں اب ایک پراجیکٹ کرتی ہوں، بیٹے کے ساتھ زیادہ وقت گزرتا ہے: اقرا عزیز

ٹی وی سٹار اقرا عزیز نے انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ وہ ایک ویب سیریز میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز ٹیلیویژن کے علاوہ سوشل میڈیا سٹار بھی ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

اس مرتبہ جب ہمیں معلوم ہوا کہ وہ اپنے شوہر یاسر حسین کے ڈرامے ’پیراڈئز‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں تو ہم نے موقع ہاتھ سے نہ جانے دینے کی ٹھان لی۔

سیٹ پر ان سے وقت لینا مشکل کام تھا لیکن اقرا نے خندہ پیشانی سے ہماری آمد کو قبول کرتے ہوئے چند منٹ دے دیے۔

موقع ملتے ہیں ہم نے پہلا سوال یہ کیا کہ وہ اب اتنا کم کام کیوں کرتی ہیں؟

اس سوال پر اقرا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب میرا زیادہ وقت اپنے بیٹے کبیر کے ساتھ گزرتا ہے اور خود انہیں تو محسوس نہیں ہوتا لیکن شاید لوگوں کو کمی محسوس ہوتی ہے۔

’لیکن وہ سال میں ایک پراجیکٹ تک ہی خود کو محدود رکھنا چاہتی ہیں کیونکہ ایک پراجیکٹ بننے میں اتنا وقت لگ جاتا ہے، تو باقی وقت گھر کے لیے ہے۔‘

اپنے شوہر کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جب ان کی ڈائریکشن اور پروڈکشن ہو گی تو اس میں کام کرنا بنتا ہے، لیکن خود انہوں نے دو دوسرے پراجیکٹ بھی کیے ہیں۔

اقرا نے بتایا کہ جب یاسر سیٹ پر ہدایات دے رہے ہوتے ہیں تو وہ بہت ہی پروفیشنل طریقے سے کام کرتی ہیں اور سیٹ پر رعب بھی یاسر کا ہی چلتا ہے اور اس کا بدلہ وہ گھر جا کر بھی نہیں نکالتیں۔

ان کے مطابق انہیں یاسر کے ساتھ اداکار اور ہدایت کار کی کیمسٹری پسند ہے۔ اس سے پہلے ’ایک تھی لیلیٰ‘ میں ان کا مختصر کام تھا، صرف دس دن کا کیونکہ وہ صرف چھ اقساط پر مشتمل سیریز تھی۔

’اب اس ڈرامے میں زیادہ کام ہے اور کیونکہ موضوع پر ہلکا مزاحیہ سا ہے اس لیے کام کرتے ہوئے مزہ بھی آرہا ہے۔‘

ہم جس ڈرامے کے سیٹ پر تھے، اس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس کا نام پیراڈائز ہے اور یہ عیدالفطر کے فوری بعد نشر کیا جائے گا۔

اس میں ان کا کردار ایک نوجوان لڑکی کا ہے، جو تعلیم کے بعد ملازمت کرنا چاہتی ہے، مگر حالات اسے کسی اور جانب دکھیل دیتے ہیں، تو کیسے ایک مزاح کی حامل صورت حال سنجیدہ نوعیت اختیار کر لیتی ہے۔ یہ ایک مشترکہ خاندان کی کہانی ہے۔

اقرا نے اس موقعے پر کہا کہ ان کے شوہر یاسر ایک سنجیدہ انسان ہیں اگرچہ لوگ انہیں بہت مزاحیہ سمجھتے ہیں، ’ہاں کچھ طنز وہ کرلیتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مزاح تو کرتی ہیں لیکن جیسے ’رقیب سے‘ میں مختلف مزاح تھا، اور دوسرے ڈراموں میں الگ طرح کا مزاح تھا، جبکہ پیراڈائز میں کافی روایتی قسم کا مزاح ہے۔

پیراڈائز میں ان کے مقابل شجاع اسد ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ مزاح کرنے میں مزہ تو آتا ہے لیکن انہیں سنجیدہ کردار کرنے میں زیادہ لطف آتا ہے۔

انہوں نے کم عمری ہی میں متعدد ایوارڈز اپنے نام کرا لیے ہیں۔ ان ایوارڈز کی اہمیت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہت ساری محنت، ماں کی دعائیں اور مداحوں کا پیار ہے جو ایوارڈز کی شکل میں ان کے گھر کی ایک دیوار پر سجے ہوئے ہیں، اور بس۔

اقرا کے انسٹاگرام پر ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں، جنہیں وہ مداحوں، پرستاروں کا پیار قرار دیتی ہیں، اور وہ سمجھتی ہیں کہ اتنا بڑا اکاؤنٹ رکھنا ایک ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔

’آپ کچھ بھی کہیں گے وہ نوٹس ہو گا، کسی کی تعریف کریں تو نوٹس ہوتا ہے، اس لیے بہت دیکھ بھال کر چلنا ہوتا ہے کہ لوگ آپ سے انسپائر ہوتے ہیں اور یہی مشکل ہے کہ توازن برقرار رکھنا ہوتا ہے۔‘

انہوں نے ایک اینی میٹڈ فلم ’اللہ یار 2‘ میں وائس اوور بھی کیا تھا۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کردار اچھا تھا اور وہ ایک ایسا کام تھا جسے کرنے کا انہیں کوئی تجربہ نہیں تھا، اس لیے بطور اداکار اسے کرنا ایک چیلنج تھا اور خدا کا شکر ہے کہ وہ اچھا ہوگیا تھا۔

ان کے فیشن کو بھی پسند کیا جاتا ہے، ان کی ریمپ واک اور انداز جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ برینڈ کے لیے ہوتا ہے جس میں بہت سٹائلسٹ اور ٹیم ہوتی ہے جبکہ وہ اپنی زندگی میں کافی بنیادی فیشن ہی کرتے ہیں، اس کے علاوہ کیونکہ ان کے پاس وقت کم ہوتا ہے تو وہ فیشن شوٹ زیادہ نہیں کرتی ہیں۔

فلموں میں کام کرنےکے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک انہیں فلموں میں ایسا کچھ لگا نہیں جو کرنا ہو، وہ کردار دیکھتی ہیں اگر ڈرامے کا کردار اچھا ہے تو وہ اسے کرنا چاہیں گی، صرف فلم برائے فلم نہیں کریں گی۔

’اب مجھے شاید یاسر ہی سے کہنا پڑے گا کہ فلم بنا دیں۔‘

اقرا نے بتایا کہ وہ ثانیہ سعید اور نعمان اعجاز کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھیں اور یہ خواہش ’رقیب سے‘ پوری ہو گئی۔ 

ان کے ساتھ حدیقہ کیانی بھی تھیں، تو جب انہیں فون پر اس کی آفر ہوئی تو انہوں نے سکرپٹ پڑھے بغیر ہی ہامی بھر لی تھی۔

آخر میں انہوں نے بتایا کہ ان کا ویب سیریز میں کام کرنے کا ارادہ ہے جس کی تفصیلات وہ جلد ہی بتائیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن