وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کمسن تائیکوانڈو سٹار عائشہ ایاز کی ایشین تائیکوانڈو مقابلو ں میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے، اور انہیں انعام کے طور پردو لاکھ روپے کا چیک بھی دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے عائشہ ایاز کی درخواست پر مینگورہ میں خواتین کے لیے علیحدہ میٹ لگانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان سے جعمے کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں عائشہ ایاز نے ملاقات کی، جس نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ساتویں فجائرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ستائیس کلو کی کیٹگری میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عائشہ ایاز نے آٹھ سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرکے ملک و قوم کا سرفخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے چودہ فروری کو عائشہ ایاز کے آٹھویں یوم پیدائش پر بھی اس کو مبارک باد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عائشہ ایاز کا اہم کارنامہ ہے کہ اس نے کم عمری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم کے خصوصی معاون افتخار درانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے عائشہ ایاز کو دعوت دی جارہی ہے، ایتھلیٹ عائشہ ایاز کی جلد وزیراعظم سے ملاقات کرائی جائے گی۔
وزیر اعلی سے تاہم ملاقات میں عائشہ ایاز کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان، صدر سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا اعجاز احمد، سیکرٹری پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن مرتضیٰ حسن بنگش اور عائشہ کے والد اور کوچ ایاز نائیک بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد عائشہ نے ایک ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔
عائشہ آیاز ( تائکوانڈو عالمی میڈلسٹ)کی وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا ٹیم سے گفتگو ۔
— PTI KP (Official) (@PTIKPOfficial) February 15, 2019
اپنا میڈل وزیر اعظم عمران خان سے دوبارہ لے کر اعزاز انکے نام کرنے کا اعلان pic.twitter.com/iKuKMBnom3
عائشہ کا کہنا ہے کہ وہ مزید محنت کرکے اولمپکس میں نام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ زیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ عائشہ آئندہ بھی محنت جاری رکھے گی اور کامیابی کی مزید منازل طے کریں گی۔ عائشہ کی کارکردگی اور کامیابی نے دنیا کو اچھا پیغام دیا ہے اور بتایا ہے کہ سوات میں بھی ٹیلنٹ موجود ہے۔
محمود خان نے کہا کہ صوبے بھر میں خواتین کے لیے کھیلوں کی علیحدہ سہولیات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ’نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی انہی خطوط پر کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔‘
عائشہ کے والد ایاز نائیک نے جو سوات میں ایک تربیتی اکیڈمی چلاتے ہیں کانجو میں ایک بیان میں کہا کہ عائشہ کی اگر حکومت نے صلاحیت بڑھانے میں مدد دی تو وہ یقینا اس کھیل میں ایک بین الاقوامی اسٹار بن جائیں گی۔