سوڈان: سابق مرد آہن عمرالبشیر کو منی لانڈرنگ پر دو سال قید

سوڈان کی ایک عدالت نے ملک کے سابق صدر کو منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے جرم میں دو سال بحالی کے مرکز میں گزارنے کی سزا سنا دی۔

عمرالبشیر کے 30 سالہ دور میں امریکہ نے سوڈان کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں کی فہرست شامل کیا(اے ایف پی)

سوڈان کی ایک عدالت نے ملک کے سابق صدر عمرالبشیر کو منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے جرم میں دو سال بحالی کے مرکز میں گزارنے کی سزا سنا دی ہے۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عمرالبشیر پر کئی مقدمات چل رہے ہیں جن میں سے پہلے مقدمے میں فیصلہ سنایا گیا ہے۔ سوڈان کے سابق صدر 2000 کی دہائی میں دارفور کی لڑائی میں جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات میں عالمی کرمنل کورٹ کو بھی مطلوب ہیں۔

ایک سال پہلے سوڈانی شہریوں نے عمرالبشیر کی آمرانہ حکومت کے خلاف پہلی بار مظاہرے شروع کیے تھے جس کے بعد اب ان کے خلاف فیصلہ سنایا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمرالبشیر کے 30 سالہ دور میں امریکہ نے سوڈان کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں کی فہرست شامل کیا جبکہ کئی برس کی بدانتظامی اور امریکی پابندیوں نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا۔

ملک گیر مظاہروں کے بعد اپریل میں سوڈانی فوج نے مداخلت کرتے ہوئے صدر عمرالبشیر کو حکومت سے الگ کرکے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد انہیں تحویل میں لے لیا تھا۔

ملک میں جاری شورش نے بالآخر فوج کو سیاست دانوں کے ساتھ شراکت اقتدارکے معاہدے پر مجبور کر دیا۔

سوڈان کے قانون کے تحت 75 سالہ عمرالبشیر کو بحالی کے ایک سرکاری مرکز میں بھیجا جائے گا جو ایسے معمر افراد کے لیے بنایا گیا جنہیں سزائے موت کے علاوہ دیگر جرائم میں سزا ہو چکی ہو۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ پڑھ کر سنانے سے پہلے عمرالبشیر کے حامیوں نے تھوڑی دیر کے لیے عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

رواں برس سوڈان کے سابق مرد آہن پر منی لانڈرنگ کا الزام لگا تھا اور ان کی حکومت ختم ہونے کے بعد ان کی رہائش گاہ سے لاکھوں امریکی ڈالرز، یوروز اور سوڈانی پاؤنڈز برآمد کیے گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی افریقہ