سوڈان: رہائشی علاقے میں طیارہ گرنے سے 46 اموات

سوڈان کی سرکاری فوج کا کہنا ہے کہ طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہوا جس میں فوجی اہلکار اور شہری دونوں جان سے گئے۔

فوجی اہلکار نو اکتوبر 2012 کو سوڈانی دارالحکومت خرطوم کے مغرب میں گر کر تباہ ہونے والے فوجی طیارے کے ملبے کا معائنہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے مضافات میں بدھ کو ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ رہائشی علاقے پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 46 افراد کی اموات ہوئی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سوڈانی حکام نے کہا کہ یہ طیارہ وادی سیدنا ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہوا، جو دارالحکومت کے شمال مغرب میں فوج کے سب سے بڑے مراکز میں سے ایک ہے۔

سوڈان کی سرکاری فوج اپریل 2023 سے نیم فوجی باغی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے ساتھ خانہ جنگی میں مصروف ہے جس کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہوا جس میں فوجی اہلکار اور شہری دونوں جانوں سے گئے اور زخمی ہوئے۔

خرطوم کی علاقائی حکومت کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا کہ ’گنتی کے بعد مرنے والوں کی تعداد 46 تک پہنچ گئی جبکہ 10 زخمی ہیں۔‘

اس سے قبل فوجی حکومت کے ماتحت کام کرنے والی وزارت صحت نے پہلے کم از کم 19 افراد کی اموات کی اطلاع دی تھی۔

عینی شاہدین نے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی اور علاقے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچتے دیکھا جہاں قریبی علاقوں میں جہاز گرنے کے بعد بجلی کی فراہمی بھی بند ہو گئی۔

وزارت صحت نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے زخمی شہریوں، بشمول بچوں، کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک فوجی ذرائع نے بیان دینے کے مجاز نہ ہونے کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی تھی۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ یہ طیارہ بحیرہ احمر کے ساحلی شہر پورٹ سوڈان جا رہا تھا جو فوج کی حمایت یافتہ حکومت کا مرکز ہے۔

سوڈان ٹریبیون کے مطابق طیارے میں اعلیٰ فوجی افسران سوار تھے تاہم فوج نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

یہ حادثہ نیم فوجی باغی گروپ آر ایس ایف کی جانب سے جنوبی دارفور کے دارالحکومت کے اوپر ایک روسی ساختہ الیوشن طیارہ مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا۔

نیم فوجی گروپ آر ایس ایف نے کہا کہ طیارہ اپنے عملے سمیت تباہ ہو گیا۔ حالیہ کشیدگی میں اضافہ فوج کی مرکزی سوڈان اور دارالحکومت خرطوم میں آر ایس ایف کے خلاف جارحانہ کارروائیوں میں نمایاں پیش رفت کے بعد ہوا ہے۔

سوڈان میں طیاروں کے حادثے عام ہیں جس کی بنیادی وجہ ملک کا ناقص ہوا بازی کا حفاظتی ریکارڈ ہے۔

2020 میں ایک روسی انتونوف فوجی طیارہ مغربی خطے دارفور میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں کم از کم 16 افراد کی موت ہوئی تھی۔

2003  میں سوڈان ایئرویز کا ایک مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران ایک پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، جس میں 116 افراد مارے گئے جن میں آٹھ غیر ملکی بھی شامل تھے۔ اس حادثے میں صرف ایک بچہ زندہ بچ سکا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی افریقہ