امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش پر مواخذے کی قرارداد امریکی ایوان نمائندگان میں منظور کر لی گئی ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد اب امریکی صدر کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں ٹرائل آئندہ ماہ شروع ہوگا جس کے بعد انھیں صدراتی عہدے کی معیاد ختم ہونے سے پہلے اقتدار سے ہٹایا بھی جا سکتا ہے۔
تاہم سینیٹ میں اس وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ریپلکن پارٹی کی اکثریت ہے۔
بدھ کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف 230 اور ان کے حق میں 197 ووٹ پڑے جبکہ دوسری شق (کانگریش کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش) میں 229 ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اور 190 ووٹ ان کے حق پڑے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر یوکرین پر سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے اور کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کے الزامات ہیں۔
اس سب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ امریکہ اور ریپبلکن پارٹی پر حملہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ڈیموکریٹک پارٹی جو ایوان نمائندگان کو کنٹرول کرتی ہے اور جہاں یہ ووٹنگ ہوئی، لاکھوں حب الوطن امریکیوں کے ووٹ کی نفی کرنا چاہتی ہے۔‘
SUCH ATROCIOUS LIES BY THE RADICAL LEFT, DO NOTHING DEMOCRATS. THIS IS AN ASSAULT ON AMERICA, AND AN ASSAULT ON THE REPUBLICAN PARTY!!!!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) December 18, 2019
مواخذے کی قرارداد منظور ہونے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی’نفرت سے بھری‘ ہوئی ہے۔
ایک ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جہاں ہم ملازمتوں کے مواقعے پیدا کر رہے ہیں اور میشیگن کے لیے لڑے رہے ہیں کانگریس میں بیٹھے ہوؤں میں نفرت، غصہ اور بغض بھرا ہوا ہے۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، یہ لوگ پاگل ہیں۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس تمام کارروائی کے بعد امریکہ کے 45 ویں صدر امریکی تاریخ میں ایسے تیسرے صدر ہیں جن کا مواخذہ ہوا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈیموکریٹس کی سربراہی میں چلنے والی مواخذے کی انکوائری صدر ٹرمپ کی جانب سے سابق نائب صدر جو بائیڈن کے خلاف یوکرین سے تحقیقات کرنے کے مطالبے پر مرکوز ہے۔
جوبائیڈن 2020 کے امریکی صدرارتی انتخابات کے صف اول کے امیدوار ہیں اور وہ صدر ٹرمپ کے مد مقابل آسکتے ہیں۔
مواخذے کی یہ تحقیقات صدر ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولودی میر زیلینسکی کے درمیان 25 جولائی کو ہونے والی فون کال کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔
اس فون کال میں صدر ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف تفتیش شروع کرنے کا کہا تھا۔