سال 2019 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ اس سال دنیا میں 10 نئے ریکارڈ بنے جن میں گرم ترین مہینہ، تیز ترین میراتھون اور نیلامی کی بلند ترین قیمتیں شامل ہیں، جنہوں نے لوگوں کو کئی طرح سے متاثر کیا۔
ان ریکارڈز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
1۔ ریکارڈ درجہ حرارت
سمندری اور فضائی حالات پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے ’اوشیانک اینڈ ایٹموس فیرک ایڈمنسٹریشن‘ کے مطابق عالمی سطح پر ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق جولائی 2019 اب تک کا گرم ترین مہینہ تھا۔ اس مہینے میں ہمارے سیارے پر درجہ حرارت اوسطاً 16.75 درجہ سینٹی گریڈ (62 فارن ہائیٹ سے زیادہ) رہا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسی ماہ کے دوران شدید گرمی کی لہر نے درجہ حرارت کے کئی ریکارڈ توڑے۔ پیرس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.6، جرمنی میں 41.5 اور برطانیہ میں 38.7 درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دسمبر میں گرم ترین دن کا ریکارڈ توڑنے کی باری آسٹریلیا کی تھی۔ 19 دسمبر کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اوسطاً 41.9 درجہ سینٹی گریڈ (107.4 فارن ہائیٹ) رہا اور شدید گرمی کی وجہ سے جھاڑیوں میں لگنے والی آگ نے کافی نقصان پہنچایا۔
2۔ فیس بک کو جرمانہ
جولائی میں سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کو پانچ ارب ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ کیا گیا۔ یہ کسی کمپنی کو صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔ جرمانے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے کہا کہ کسی خلاف ورزی پر امریکی حکومت کی جانب سے کیا گیا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔
3۔ سب سے بڑی فروخت
چینی صارفین نے آن لائن کاروباری کمپنی علی بابا پر نومبر میں 24 گھنٹے جاری رہنے والی’سنگلز ڈے‘ کی خریداری مہم کے دوران 38.3 ارب ڈالر کی ریکارڈ خریداریاں کیں۔ گذشتہ برس کی ریکارڈ خریداری کے مقابلے میں یہ 26 فیصد کا اضافہ تھا۔
4۔ فن پاروں کی خریداری کا ریکارڈ
برطانیہ کے گمنام مصور بینکسی کی ’منتقل شدہ پارلیمان‘ کے عنوان سے بنائی گئی تصویر اکتوبر میں ایک کروڑ 11 لاکھ یورو میں فروخت ہوئی، جو کسی برطانوی مصور کے اعتبار سے ایک ریکارڈ ہے۔ پینٹنگ میں قانون سازوں کو چیمپینزی کی شکل میں دکھایا گیا تھا۔
5۔ تیز ترین میراتھون
کینیا کے ایتھلیٹ ایلیود کیپچوج نے اکتوبر میں ویانا میں ہونے والی ایک غیرسرکاری میراتھون میں 26.2 میل کا فاصلہ ایک گھنٹے 59 منٹ اور 40 سیکنڈ میں طے کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا۔
6۔ تیزی سے چوٹی سر والے کوہ پیما
نیپالی کوہ پیما نرمل پرج نے اپریل سے اکتوبر تک صرف چھ ماہ اور چھ دن میں دنیا کی تمام 14 بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کرکے گذشتہ تقریباً آٹھ برس کا ریکارڈ توڑ دیا۔
7۔ طویل ترین پرواز
آسٹریلیا کی فضائی کمپنی قنطاس نے 2019 میں لندن سے 19گھنٹے 16 منٹ کی نان سٹاپ پرواز کا کامیاب تجربہ کیا ۔ یہ پرواز نیویارک سے براہ راست سڈنی پہنچی۔ وزن کم رکھنے کے لیے بوئنگ 787-9 طیارے میں 49 مسافر بٹھائے گئے۔ طیارے میں ایندھن بھرا گیا جس کی مدد سے وہ 16 ہزار کلومیٹر تک پرواز کر سکتا تھا۔
8۔ دنیا کی سب سے کم وزن بچی
مئی میں کیلی فورنیا کے ایک ہسپتال نے دنیا کی سب سے کم وزن کی بچی کی پیدائش کا اعلان کیا۔ ہسپتال کے مطابق سیبی نامی بچی کا وزن ایک بڑے سائز کے سیب جتنا تھا۔ بچی کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بعد سان ڈیاگو کے ہسپتال نے انکشاف کیا کہ دسمبر 2018 میں پیدا ہونے والی اس بچی کا وزن محض 245 گرام تھا۔
9۔ دس لاکھ ڈالر کی پارکنگ
اکتوبر میں ہانگ کانگ کی بلندوبالا عمارت دا سینٹر کی پارکنگ 76 لاکھ ہانگ کانگ ڈالر(نو لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر، 882000 یورو) میں فروخت کی گئی۔ اتنی رقم سے لندن کے مہنگے علاقے چیلسی میں ایک بیڈروم کا اپارٹمنٹ خریدا جا سکتا ہے۔
10۔ زیادہ تمغے
امریکی جمناسٹکس سٹار سائمن بائلز نے اکتوبر میں سونے کے پانچ تمغے جیتے۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر عالمی چیمپیئن شپ میں 25 تمغے حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے پہلے 1990 کی دہائی میں بیلاروس کے وائٹلی شربو کے پاس 23 میڈلز جیتنے کا اعزاز تھا۔