چند ہی روز میں سال 2024 کا اختتام اور 2025 کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ آئیے ان واقعات پر نظر ڈالتے ہیں جو اس نئے سال میں اہم ہو سکتے ہیں۔
1۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا دورِ صدارت
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ یہ ان کا دوسرا دورِ صدارت ہو گا۔
ان کے دوسرے دور میں پاکستان کے لیے ان کی خارجہ پالیسی، دیگر اقتصادی طاقتوں جیسے کہ چین کے ساتھ ان کی ٹیرف کی جنگ اور کرپٹو کرنسی سے متعلق ان کی پالیسی دنیا کی دلچسپی کا مرکز رہیں گی۔
الزامات اور مواخذے کے باوجود دوسری مرتبہ ان کا صدر بننا غیر متوقع تھا مگر وہ امریکی صدارت کی کرسی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ اس دوران ٹرمپ کو قتل کرنے کی دو مرتبہ ناکام کوشش بھی کی گئی۔
2۔ غزہ میں جاری جارحیت
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے دوران اب تک 45 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں فلسطینی بےگھر ہو کر شدید سردی خیموں میں گزارنے پر مجبور ہیں۔
اس جارحیت کے خلاف دنیا بھر کے قریباً سبھی ممالک میں مظاہروں کے دوران فائر بندی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس جارحیت کو ختم کرنے کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے، جو تعطل کا شکار بھی ہوئے مگر دنیا پرامید ہے کہ جلد ہی فائر بندی کا اعلان ہو جائے۔
3۔ عمران خان کی رہائی
2023 میں گرفتار ہونے والے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائی ممکن ہو گی یا نہیں، ایک اہم سیاسی مسئلہ رہے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹرمپ انتظامیہ کے اس بارے میں حالیہ بیانات سیاسی ہلچل کا سبب بن رہے ہیں لیکن مسلم لیگ ن کے ساتھ مذاکرات بھی اہم ہوں گے۔ ان کی رہائی ممکن ہو گی یا نہیں اکثر لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال جواب کا منتظر رہے گا۔
4۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی
فروری 2025 میں پاکستان 28 سال بعد آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ اس ایونٹ کا 19 فروری کو آغاز ہوگا اور پاکستان کے تین شہروں راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں اس کے میچز کھیلے جائیں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سمجھا جا رہا ہے۔ روایتی حریفوں کے درمیان میچ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کو (امریکی جریدے) نیویارک ٹائمز کے مطابق 40 کروڑ سے زائد لوگوں نے دیکھا تھا۔
5۔ فیفا کلب ورلڈ کپ 2025
14 جون سے 13 جولائی 2025 تک فیفا کلب ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ ایونٹ میں مختلف ممالک کی ٹیمیں نہیں، بلکہ دنیا بھر کے بڑے بڑے فٹ بال کلبز حصہ لیں گے، جیسا کہ ریال میڈرڈ، چیلسی ایف سی، ایف سی پورتو وغیرہ۔ تو نیا سال فٹ بال کے شائقین کے لیے بھی کافی تفریح لے کر آئے گا۔