پاکستان فوج کے ایک بیان کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان فوج کے دو جوانوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔
ادھر پاکستان نے سوموار سے بھارت کے ساتھ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور اور نئی دلی کے درمیان چلنے والے ٹرین سروس گزشتہ ہفتے بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی کے بعد بند کر دی گئی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 31 سالہ حوالدار عبدالرب کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ ان کے سوگوران میں بیوہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نائیک خرم کا تعلق بھی ڈیرہ غازی خان سے ہے اور ان کے سوگواران میں اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
پاکستان فوج کے مطابق ان کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوجی چوکیوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ فوج کے جاری بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوچکے ہیں۔
ادھر ضلع پونچھ کے علاقے درہ شیر خان میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی فوجیوں کی گولی سے 19 سالہ عبدالغفار زخمی ہوگیا۔
پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باوجود لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے شدید شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ضلع کوٹلی میں بازار میں گولے گرے ہیں۔ وادی جہلم کے ڈپٹی کمشنر عمران شاہین کا کہنا تھا کہ پانڈو سیکٹر میں بھاری گولہ باری کے باعث کم از کم آٹھ مکانات اور ایک دکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔