پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کا 28 واں میچ کراچی کنگز کے نام رہا، جس کے بولر عثمان شنواری نے آخری اوور میں اپنی تباہ کن بولنگ کی بدولت میچ کا پانسا پلٹ کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے ہرا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنرز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن میچ کا آخری اوور گیم چینجر ثابت ہوا، جہاں کراچی کنگز کے عثمان شنواری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر بازی ہی پلٹ دی۔
عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آخری اوور میں پویلین لوٹنے والوں میں سب سے اہم احمد شہزاد تھے، جو 99 رنز پر آؤٹ ہوکر اپنی سنچری مکمل کرنے سے محروم رہ گئے، جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ ان کی ایونٹ کی سب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی۔ اسی اوور میں انور علی اور گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اپنی وکٹیں گنوائیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست سے ہمکنار کرنے کے بعد عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف میں پہنچ گئی اور اس طرح لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
#QuettaGladiator's Team Owner Nadeem Omar congradulating Salman Iqbal on a great game today. Thank You Sir....Pakistan Wins!#DeDhanaDhan #KingsRoar #KarachiKingsKaZorInPSL4 #HBLPSL #Season4 #KKvQG #9thMatch @Salman_ARY pic.twitter.com/a2qs0TfEn5
— Karachi Kings (@KarachiKingsARY) March 10, 2019
کراچی کنگز کی جیت کے ساتھ ہی مداح خوشی سے سرشار ہیں اور سڑکوں اور چوراہوں پر جشن منانے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی پر #KarachiKings اور #KarachiKingsKaZorInPSL4 کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے خیالات و جذبات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے کراچی کنگز کے ایونٹ جیتنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا۔
#KarachiKings تیور تو ہم وقت آنے پر دکھائیں گیں
— JUTT AZAN (@zunijutt12) March 11, 2019
شہر بھی اپنا ہوگا ٹرافی بھی ہم ہی اٹھائیں گیں pic.twitter.com/mFkhoX7srK
عائشہ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’مجھے اپنی سالگرہ کے دن کراچی کنگز کی جیت سے بڑھ کر کوئی تحفہ مل ہی نہیں سکتا تھا۔‘
ایک ٹوئٹر صارف نے کراچی کنگز کے اسٹار بولر عثمان شنواری کو داد دیتے ہوئے لکھا، ’کیسے کرلیتے ہو شنواری؟‘
آفرین نامی ایک ٹوئٹر صارف نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کےحوالے سے لکھا کہ ’جب میں نے میچ کے آخری لمحات میں ٹی وی کھولا تو احمد شہزاد 99 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، میں نے کہا اگر یہ 99 رنز پر آؤٹ ہوجائے تو میچ پلٹ جائے‘، ساتھ ہی انہوں نے مزاحیہ انداز میں معذرت کرتے ہوئے لکھا، ’سوری، میری آپ سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔‘
ایک صارف نے ایک تصویر کی مدد سے کراچی کنگز کی ایونٹ کے آغاز میں اور موجودہ پوزیشن بیان کرنے کی کوشش کی، جہاں پی ایس ایل کے آغاز میں کراچی کی ٹیم ایک معصوم سے بلی کے بچے کی طرح تھی اور اب وہ شیر کی طرح دھاڑ رہی ہے۔
احسن نامی ایک صارف نے ایک مزاحیہ تصویر شیئر کی، جس میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال اور کپتان عماد وسیم میچ جیتنے کے بعد سی ویو پر موٹرسائیکل پر ون وہیلنگ کرتے نظر آئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات سینیٹر سعید غنی بھی نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کو سپورٹ کرتے نظر آئے۔