فرانسیسی ادکارہ لیہ سیڈوکس نے جنسی بدسلوکی کے معاملے میں فلمی صنعت کی'منافقت' کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے'ہیرو' بننے کے لیے می ٹو تحریک کا فائدہ اٹھایا۔
سیڈوکس اس سال 'نو ٹائم ٹو ڈائی' نامی فلم میں ایک بار پھر بونڈ گرل میڈیلِن سوان کاکردارنبھائیں گی۔ ان کا موقف ہے کہ ہالی وڈ میں بہت سے لوگ جنسی بدسلوکی کے بارے جانتے تھے لیکن جب تک وہ اس بات کا ذاتی طورپر فائدہ اٹھانے کے قابل نہیں ہو گئے انہوں نے اس معاملے پر کھلے عام بات کرنا ہی مناسب نہیں سمجھا۔
سیڈوکس نے امریکی فیشن میگزین 'ہارپرز بازار' کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ 'منافقت بہت زیادہ ہے۔ کیونکہ لوگوں کو پتہ تھا اور اب وہ صرف یہ کہہ کر فائدہ اٹھا رہے ہیں کہ ہاں میں بھی نشانہ بنی۔'
'اس طرح لوگ ہیرو بن جاتے ہیں۔ میرے نزدیک اصل ہیرو وہ ہے جو معاف کر دے۔ ہمیں درگزر کی ضرورت ہے'
انہوں نے مزید کہا:'میرا خیال ہے کہ مرد خوف زدہ ہیں۔ یہ بڑی بات ہے کہ خواتین بولنے لگی ہیں۔ میں چاہوں گی اس (بولنے) میں الزام تراشیوں اور کھلے تشدد کا عنصر کم سے کم ہو اور ہمیں معاف کر دینے کے قابل ہونا چاہیے۔'
سیڈوکس ان خواتین میں سے ایک تھیں جنہوں نے سزا یافتہ امریکی فلم پروڈیوسر ہاروے ونسٹین پر 2017 میں جنسی حملے کا الزام لگایا تھا۔
سیڈوکس نے بتایا کہ ونسٹین سے ان کی ملاقات 2012 میں ایک فیشن شو کے دوران ہوئی۔ بعد میں ونسٹین نے انہیں دعوت دی کہ وہ ان سے ہوٹل میں ملاقات کر کے مستقبل کے ممکنہ منصوبوں پر بات کریں۔
اس ملاقات کے بارے میں سیڈوکس نے برطانوی اخبار'دا گارڈین'کو بتایا: 'ہم صوفے پر بیٹھے باتیں کر رہے تھے کہ اچانک انہوں نے چھلانگ لگائی اور میرا بوسہ لینے کی کوشش کی۔ مجھے اپنا دفاع کرنا پڑا۔ وہ بڑے اور موٹے شخص تھے اس لیے ان کے خلاف مزاحمت کے لیے مجھے طاقت استعمال کرنی پڑی۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا: 'سب کو پتہ تھا کہ ہاروے کا کیا ارادہ ہے لیکن کسی نے کچھ نہیں کیا۔ یہ بات ناقابل یقین ہے کہ وہ دہائیوں تک ایسا کرتے رہے اور اس کے باجود انہوں نے اپنا کیریئر بھی محفوظ رکھا۔'
سیڈوکس نے اس ہفتے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ وہ فلم نوٹائم ٹو ڈائی دیکھ چکی ہیں جس کی ریلیز کرونا (کورونا) وائرس کی وبا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو چکی۔
انہوں نے کہا: 'بونڈ سیریز کی اس فلم میں بہت سےجذباتی مناظر ہیں۔ یہ جذباتی طور پر متاثر کن ہے۔ میں شرط لگاتی ہوں کہ اسے دیکھ کر آپ رو پڑیں گے۔ جب میں نے اسے دیکھا تو میں رو پڑی۔ یہ عجیب بات ہے کیونکہ میں خود فلم میں ہوں۔'
طے شدہ پروگرام کے مطابق فلم کو اس مہینے سینیما گھروں کی زینت بننا تھا۔ اب نو ٹائم ٹو ڈائی 12 نومبر کو ریلیز ہو گی۔
© The Independent