'قرنطینہ کے بعد نانی کے گھر جاؤں گی'

ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بہت سی دلچسپ باتوں سے پردہ اٹھایا۔

(تصویر: ماہرہ خان انسٹاگرام اکاؤنٹ)

معروف فلم سٹار ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کئی ایسی باتوں سے پردہ اٹھایا ہے جس سے لوگ پہلے واقف نہیں تھے۔

ماہرہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 'آسک ماہرہ' (ماہرہ سے پوچھیں) کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے مداحوں کو یہ موقع دیا کہ وہ ان سے سوال پوچھ سکیں، جس پر مختلف صارفین کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب ماہرہ نے بہت دلچسپ انداز میں دیے۔

ماریہ نامی ایک صارف نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ زندگی کا کوئی ایسا لمحہ جو آپ واپس لانا چاہتی ہوں؟ جس پر ماہرہ نے جواب دیا: 'وہ لمحہ جب ازو (ماہرہ کے بیٹے اذلان) کو میری بانہوں میں دیا گیا۔'

ایک اور صارف سوبھاش کمار نے ماہرہ سے پوچھا کہ شاہ رخ خان کو ایک لفظ میں بیان کریں تو انہوں نے شاہ رخ خان کو 'جادو' قرار دیا۔

جویریہ نامی ایک صارف نے ماہرہ خان سے بریانی کے بارے میں سوال پوچھا کہ 'آپ کو بریانی آلو والی پسند ہے یا بغیر آلو والی،' تو ماہرہ نے جواب دیا: 'آلو ہوں یا نہ ہوں میں بس بریانی میں اچانک سامنے آنے والی الائچی کو برداشت نہیں کر سکتی۔'

ایک صارف سارہ نوید نے ماہرہ خان سے پوچھا کہ وہ آج کل کیا پڑھ رہی ہیں، جس پر اداکارہ نے کتاب 'ہاؤس آف کلے اینڈ واٹر' کا نام لیتے ہوئے ان سے مزید کتابوں کا مشورہ مانگ لیا۔

ہاجرہ کیانی نامی صارف نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ قرنطینہ ختم ہونے کے بعد ماہرہ خان سب سے پہلے کس جگہ جائیں گی؟ تو انہوں نے جواب دیا: 'مجھے اپنی نانی کے گھر جانے کا شدت سے انتظار ہے۔'

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ