لاک ڈاؤن بھی ایک قسم کا قید تنہائی جیسا ہے۔ کوئی بوریت سی بوریت ہوتی ہے۔ کیا میری طرح آپ بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے بور ہو رہے ہیں؟ کیا آپ کو بھی سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کریں؟ اور لاک ڈاؤن کے اس وقت کو کس طرح سے استعمال میں لائیں کہ آپ کو نقصان یا خسارے کی بجائے فائدے اور منافع کا احساس ہوتا رہے؟ تو اس تحریر میں آپ کو وقت کو مفید بنانے والے 23 آئیڈیاز کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔
یاد رکھیں کہ دنیا میں وقت سے مہنگی کوئی کرنسی نہیں ہے۔ وقت دنیا کی قیمتی ترین چیز ہے۔ اگر آپ لاک ڈاؤن جیسے وقت کو مفید کام میں استعمال میں لائیں گے تو اس کا آپ کو ڈھیروں فائدہ یا منافع ہو گا اور اگر اس کے برعکس آپ اس وقت کو مفید کاموں میں استعمال نہیں کریں گے تو ظاہر ہے کہ پھر نقصان اور خسارہ ہی ہو گا۔
1۔ نیند کے وقت میں بے قاعدگی سے صحت پر منفی اثرات پڑتے ہیں، اس لیے رات کو بروقت سونے اور صبح ٹھیک وقت پر جاگنے کو معمول ضرور بنائیں۔ کوشش کریں کہ چھ سے نو گھنٹے کی نیند ضرور پوری کریں تاکہ باقی وقت آپ مکمل طور پر چست اور توانا رہیں۔
2۔ اگر آپ اپنی مصروف زندگی کی وجہ سے اب تک ورزش اور واک سے دور رہے ہیں تو اب وقت ہے کہ خود کو اس اہم ترین سرگرمی کے لیے تیار کرلیں اور یہ طے کریں کہ واک یا ورزش آپ نے صبح کے وقت کرنی ہے یا شام کو۔ ایک بار وقت طے کرنے کے بعد کوشش کریں کہ اس میں ناغہ بالکل بھی نہ آئے۔
3۔ لاک ڈاؤن کے بور ماحول میں تھوڑا سا یوگا کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ یوگا کی جگہ آپ گھر میں کسی پرسکون کمرے میں مراقبہ یعنی میدیٹیشن بھی کرسکتے ہیں۔ یوگا یا مراقبہ کرنے کی مشقوں سے بہت جلد آپ خود کو پرسکون، تروتازہ، ہلکا پھلکا اور مثبت توانائی سے بھرپور محسوس کرنا شروع کردیں گے۔
4۔ یاد رکھیں کہ کتابوں کو اس لیے انسان کا بہترین دوست کہا جاتا ہے کیونکہ یہ کبھی انسان کو نقصان نہیں پہنچاتیں۔ یہ نہ صرف انسان کے علم میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ تھوڑے سے وقت میں وہ سبق سکھادیتی ہیں، جنہیں لکھنے کے لیے لوگوں کی زندگیاں لگ جاتی ہیں۔ چونکہ آپ کے پاس آج کل وقت ہی وقت ہے تو کتابوں کی مدد سے یہ سبق سیکھنے کے لیے اس سے بہتر کوئی وقت نہیں ہوسکتا۔ آپ اپنے ذوق کے مطابق مذہب، تاریخ، سائنس، فلسفہ اور ادب سمیت جیسی چاہیں اچھی کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔
5۔ آپ کے پاس بہت سی پرانی یادیں محفوظ ہوں گی، انہیں تازہ کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ تو پھر اٹھیں اور اپنے البمز، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ یا موبائل فون کی گیلری میں محفوظ پرانی تصاویر کو دوبارہ دیکھیں اور یادیں تازہ کرنے کے ساتھ ان تصاویر کو ترتیب بھی دے لیں۔ مثلاً: شادی کی تصاویر، سالگرہ، پکنک پارٹیوں اور اسی طرح دیگر مواقع کی تصاویر کو ان کی اہمیت یا تاریخ کے حساب سے الگ الگ المبوں میں ترتیب دے لیں، پھر نجانے کب موقع ملے۔
6۔ آپ اس عرصے میں آن لائن کچھ نئی زبانیں بھی سیکھ سکتے ہیں۔ ایسی زبانیں سیکھیں جو آپ کے لیے کسی بھی حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوسکیں۔ جو زبان سیکھنا چاہیں، روزانہ اس کے صرف دس نئے الفاظ اور پانچ جملے سیکھیں۔ دس روز بعد آپ کے پاس سو الفاظ اور پچاس جملے ہوں گے، جو ابتدائی بول چال کے لیے کافی ہوتے ہیں۔
7۔ لاک ڈاؤن کا یہ عرصہ بھی گزر جائے گا اور آپ اسے جلد بھول بھی جائیں گے، لیکن یہ وقت آپ آج کل کیسے گزار رہے ہیں؟ اسے یاد رکھنے کے لیے اپنی یادداشتیں کسی ڈائری میں قلم بند کرنا شروع کر دیں۔
8۔ خوش خط ہونا یعنی اچھی لکھائی بھی بہت ضروری ہوتی ہے، اس لیے خطاطی کرنا سیکھ لیں۔ آپ خطاطی اور خوش خطی کی آن لائن کلاسز سے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
9۔ اپنے ذہن کو تیز کرنے کے لیے پزل حل اور پہیلیاں بوجھنے کی کوشش لازمی کریں۔ یہ پزل اور پہیلیاں انٹرنیٹ پر بہت مل جاتی ہیں۔
10۔ ان دنوں آپ اشاروں کی زبان بھی سیکھ سکتے ہیں، زیادہ نہیں تو کم از کم 50 اشارے سیکھنے کی کوشش ضرور کریں تاکہ بوقت ضرورت آپ قوت گویائی سے محروم خصوصی افراد کی مدد کرسکیں۔
11۔ ہمیں اپنے موبائل فون، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کو صاف کرنے کا بہت کم موقع ملتا ہے، اس لیے یہ اکثر گرد سے اٹے رہتے ہیں تو یہ بہترین وقت ہے کہ ان کی اچھی طرح صفائی کرلیں۔
12۔ مختلف سوشل میڈیا، ای میلز اور دیگر ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے پاس ورڈ کو ایک مرتبہ دوبارہ سیٹ یا تبدیل کرلیں کیونکہ ڈیجیٹل سکیورٹی کے لیے ایسا کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔
13۔ آپ بڑے عرصہ سے یوٹیوب چینل شروع کرنے کا ارادہ رکھتے تھے تو اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنے کے لیے بھی یہ انتہائی مناسب وقت ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
14۔ ان دنوں آپ کسی ویب سائٹ کے لیے یا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے کوئی مضمون لکھنے کی کوشش بھی کر سکتے ہیں۔ آپ کو مضمون، کالم یا بلاگ نہیں لکھنا آتا تو کوئی بات نہیں، کاغذ قلم اٹھائیں، اب آپ کے ذہن میں جو آتا ہے، وہ لکھنا شروع کردیں۔ کوشش کریں گے تو لکھنے میں کامیاب بھی ہوجائیں گے۔ اگر آپ کا کوئی دوست اچھا لکھاری ہے تو آپ اس سے اصلاح بھی لے سکتے ہیں۔
15۔ اگر آپ کو موسیقی سے شغف ہے تو پھر موسیقی کی دھنیں بنانا سیکھ لیں۔ ڈیجیٹل دنیا میں آپ کو اس میں بہت مدد ملے گی، آپ بہت آسانی کے ساتھ آن لائن اپنی دھن تیار کر سکتے ہیں۔
16۔ مصوری کی الف بے سیکھ کر بھی وقت کو بہترین اور مفید طریقے سے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ پینٹنگ کا شغف ہے تو اپنے اس وقت کو مفید بنائیں اور ان فن کو سیکھنے میں دیر نہ کریں۔
17۔ یہ مناسب وقت ہے کہ آپ اپنی پسند اور ذوق کے مطابق اچھی موویز کی لسٹ بنا لیں اور ایک ایک کرکے دیکھنا شروع کردیں۔ یاد رکھیں کہ ایک دن میں ایک مووی دیکھنا ہی مناسب رہے گا۔
18۔ حالات و واقعات سے باخبر رہنا بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔ آپ کے ارد گرد کیا کچھ ہو رہا ہے، یہ جاننے کے لیے تھوڑا سا وقت ضرور نکالیں۔ اچھی اور مستند ویب سائٹس پر خبریں پڑھیں اور چینلز پر خبریں بھی ضرور دیکھیں۔
19۔ ان دنوں لڑکیاں بھی بہت سے مشاغل اپنا سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر وہ بالوں کے نئے سٹائل بنانا سیکھ سکتی ہیں۔ اگر آپ اپنے کسی لباس کے ڈیزائن میں کوئی تبدیلی کرنا چاہتی ہیں تو یقیناً اس کام کے لیے بھی یہ ایک بہترین وقت ہے۔
20۔ گھر کی صفائی میں ضرور حصہ لیں کیونکہ آپ کا وقت بھی مفید کام میں گزرے گا اور جسمانی مشقت ویسے بھی صحت یعنی کیلوریز برن کرنے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔
21۔ لاک ڈاؤن کی وجہ اگر آج کل مالی نہیں آرہا تو پھر اٹھیں اور اپنے پودوں کی خود ہی دیکھ بھال کرلیں، ان کی کانٹ چھانٹ کریں اور پودوں کو پانی دے لیں۔
22۔کھانا پکانے کی کچھ نئی تراکیب سیکھ لیں، آن لائن آپ کو بہت سے چینل اور ویب سائٹس اس کام کے لیے مل جائیں گے۔ ویسے بھی آج کل سوشل میڈیا پر ہر کوئی 'ماسٹر شیف' بنا ہوا نظر آرہا ہے، آپ بھی صحیح۔
23۔ اگر آپ کچھ نیا سیکھنا چاہتے ہوں تو اس کے لیے آن لائن مائیکرو کورس ضرور کرلیں۔یوں ہی بھیڑچال کا شکار ہوکر کوئی کام کریں گے تو نقصان کا خدشہ رہے گا۔