پاکستان ڈیڑھ لاکھ ہنرمند نوجوان بیلاروس بھیجے گا: شہباز شریف

بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں آج وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات میں طے پایا کہ بیلاروس میں ڈیڑھ لاکھ ہنرمند پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس بارے میں حکمت عملی جلد وضع کی جائے گی۔

 وزیر اعظم شہباز شریف منسک، بیلاروس میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے 11 اپریل 2025 کو ملاقات کر رہے ہیں (اے پی پی)

بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں آج وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے تبادلوں سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

اس ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ بیلاروس میں ڈیڑھ لاکھ ہنرمند پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس بارے میں حکمت عملی جلد وضع کی جائے گی۔

جمعے کو وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے دونوں ممالک کے مابین معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیڑھ لاکھ ہنرمند افرادی قوت کی بیلاروس میں کھپت کے لیے صدر لوکاشینکو کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس میں مقیم پاکستانی اس کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور غیر ملکی ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا۔

وزیر اعظم کے دورہ بیلاروس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بیلا روس کے ایوان آزادی آمد پرشاندار خیر مقدم کیا گیا، بیلا روس کی مسلح افواج نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

جمعے کو وزیراعظم کے دورہ بیلاروس کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پرپاکستان کی وزارت دفاع اور بیلا روس کی وزارت دفاع کے درمیان فوجی تعاون کا معاہدہ ہوا۔

تقریب میں بیلاروس کی فوجی صنعت کی اسٹیٹ اتھارٹی اوروزارت دفاعی پیداوارپاکستان کے درمیان فوجی تکنیکی تعاون سے متعلق 2025 سے 2027کا روڈ میپ طے پاگیا، دونوں ممالک کے درمیان ری ایڈمیشن معاہدہ کا معاہدہ بھی طے پایا ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بیلاروس کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع میسر ہیں اور وہ زراعت، معدنیات اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر بیلاروس کی زرعی مشینری کی مہارت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کی 65 فیصد آبادی دیہات میں مقیم اور زراعت سے وابستہ ہے، پاکستان اور بیلاروس کو زرعی اور صنعتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کی زرعی آلات اور مشینری میں بھی بڑی مہارت ہے، زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے بیلاروس کے تعاون کے خواہاں ہیں اور ان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں اس حوالے سے بھی پاکستان اور بیلاروس تعاون اور شراکت داری کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کی قیادت کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منسک کی خوبصورتی متاثرکن ہے اور بیلاروس کے صدر کی جانب سے پاکستانی وفد کو فارم ہاؤس پر دیا گیا پرتپاک استقبال ایک ’فیملی ری یونین‘ جیسا تھا۔

انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ ملا تھا، جسے اب مزید مضبوط بنانے کا وقت آ گیا ہے۔

بیلاروس کے صدر نے بھی اس دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والا پاکستان-بیلاروس بزنس فورم دوطرفہ تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان