نیدر لینڈز کے شہر یوٹریکٹ میں پیر کو ٹرام میں فائرنگ کے واقعے سے متعدد افراد زخمی جبکہ ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ شہر سے باہر 21 اکتوبر نامی چوراہے پر پیش آیا اور فائرنگ کرنے والے شخص کی تلاش تاحال جاری ہے۔
نیدرلینڈز کی حکومت نے دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی پیچھے دہشت گردی کا عنصر شامل ہو سکتا ہے جبکہ وزیراعظم مارک رٹ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے پر 'شدید تشویش' کا شکار ہیں۔
پولیس نے سکولوں کو اپنے دروازے بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں جبکہ ملٹری پولیس نے حساس تنصیبات اور ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔