بیل کے پیٹھ کھجلانے کی عادت کے باعث 700 گھروں میں بجلی بند

رون نامی بیل کی مالک ہیزل لافٹن نے جنوبی لنکر شائر کے ایک علاقے کے مقامی فیس بک پیج پر پوسٹ کی جس میں انہوں نے اس جانور کی جانب سے لوگوں سے معافی مانگی ہے۔

رون نامی بیل کی مالک ہیزل لافٹن  کا کہنا تھا: 'میرا خیال ہے ہم اس کا نام بدل کر سپارکی رکھ دیتے ہیں۔'(تصویر:  ہیزل لافٹن)

سکاٹ لینڈ میں ایک بیل کی 'خارش زدہ' پیٹھ کھجلانے کی عادت سینکڑوں گھروں سے بجلی غائب ہونے کی وجہ بن گئی۔

رون نامی بیل کی مالک ہیزل لافٹن نے جنوبی لنکر شائر کے ایک علاقے کے مقامی فیس بک پیج پر پوسٹ کی جس میں انہوں نے اس جانور کی جانب سے لوگوں سے معافی مانگی ہے۔

ہیزل لافٹن نے لکھا: 'اس (بیل) کی پیٹھ پر خارش ہو رہی تھی تو اس نے خود کو ایک بجلی کے کھمبے سے رگڑ دیا جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر باکس گر گیا۔ وہ آج صبح زندہ بچ جانے پر خوش ہے کیونکہ وہ سر پر گیارہ ہزار والٹ کا جھٹکا لگنے سے محفوظ رہا ہے۔'

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بیل کی وجہ سے جنوبی لنکر شائر میں جمعرات کی رات سے چیپلٹن اور سٹریٹ ہیون کے علاقے میں 700 گھروں سے بجلی غائب ہو چکی ہے۔

ہیزل کا کہنا تھا: 'میرا خیال ہے ہم اس کا نام بدل کر سپارکی رکھ دیتے ہیں۔'

انہوں نے 'بی بی سی سکاٹ لینڈ' کو بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر، جو سکاٹ لینڈ میں ایک فارم کے مالک ہیں، جب جمعے کو صبح جاگے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کے فارم کے قریب سڑک پر بجلی کے کھمبوں سے جڑا ایک ٹرانسفارمر گرا پڑا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہیزل کے مطابق: 'یہ بہت عجیب تھا۔ ہم اپنے جانوروں کو چارہ ڈالنے گئے تو میرے شوہر نے نوٹس کیا کہ ٹرانسفارمر باکس کھمبوں سے گرا ہوا ہے۔ ہم نے دو جمع دو چار کرتے ہوئے حساب لگایا کہ ہمارا بیل ٹیلی گراف پول کے ساتھ خود کو رگڑتا رہا تھا جس کی وجہ سے یہ باکس گرا ہے۔ ساری تاریں کھیتوں میں پھیلی ہوئی تھیں۔'

ان کی فیس بک پوسٹ، جس کو ہزاروں لائیکس مل چکے ہیں، میں ان کا کہنا تھا: 'ہمارا بیل رون چیپلٹن اور سٹریٹ ہیون کے اُن 700 سے زائد گھروں میں رہنے والوں سے معافی چاہتا ہے، جن کی بجلی گذشتہ رات منقطع ہوئی تھی۔'

ایس پی انرجی نیٹ ورک کے ایک ترجمان نے 'دی انڈپینڈنٹ' کو بتایا کہ چیپلٹن اور سٹریٹ ہیون کے تقریباً 800 گھروں میں جمعرات کو بجلی نہیں تھی جس کی وجہ کھمبوں پر لگے ایک ٹرانسفارمر کا گرنا تھا جو ایک بیل کے خود کو کھمبے سے رگڑنے کے باعث ہوا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا: 'انجینیئرز کی ایک ٹیم فوری طور پر اس علاقے میں پہنچ گئی تھی اور جب بیل رون کو محفوظ طریقے سے ایک اور جگہ منتقل کر دیا گیا تو رات میں ہی بجلی کو متبادل جنریٹرز پر عارضی طور پر منتقل کر کے جلد سے جلد بحال کرنے کی کوشش کی گئی۔ جمعہ آٹھ مئی کو دن کے اوقات میں اس کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا تھا۔'

ترجمان کا مزید کہنا تھا: 'ہم تمام متاثرہ افراد سے معذرت خواہ ہیں اور بجلی کی بحالی کے لیے ان کے صبر پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم تعاون کرنے پر مسٹر اور مسز لافٹن کے بھی شکر گزار ہیں اور یقینی طور پر رون کے بھی۔'

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا