محکمہ جنگلی حیات سندھ کے عملے نے ضلع عمرکوٹ کی ایک چوکی پر کار کے ذریعے صحرائے تھر سے غیرقانونی طور پر حیدرآباد لے جانے والے 18 ہرن برآمد کر لیے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار نظر سمیجو کے مطابق سٹی تھانہ پولیس نے عمرکوٹ شہر کے قریب سامارو موڑ چیک پوسٹ پر ایک کار کی تلاشی کے دوران صحرائے تھر سے سمگل کیے جانے والے 18 نایاب ہرن برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
نامہ نگار امر گرڑو کے مطابق محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار نے بتایا کہ ہرن کو کار کے اندر اور ڈکی میں رکھا ہوا تھا جہاں ان کی حالت بہت خراب تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس نے تین ملزمان بشمول اویس پٹھان، کاشف راجپوت اور ذیشان شیخ کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے برآمد کیے گئے ہرن وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیے ہیں۔
سندھ کے صحرائی علاقوں بشمول تھرپارکر، عمرکوٹ کے علاوہ سانگھڑ اور خیرپور اضلاع میں موجود اچھڑو تھر کے مور، ہرن، نیل گائے، لومڑی، گیدڑ سمیت کئی اقسام کے جنگلی جانور وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔