پیٹرول کی کمی کیسے ہوئی؟ چھاپہ مار ٹیمیں بنانے کی ہدایت

وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرولیم کو ملک میں پیٹرول کی کمی کو چیک کرنے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ سوشل میڈّیا پر حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

گذشتہ دنوں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے کئی شہروں میں پیٹرول کی شارٹج کی خبریں سامنے آنے لگی تھی (اے ایف پی)

وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرولیم کو ملک میں پیٹرول کی کمی کو چیک کرنے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر تادیبی کارروائی کی جانی چاہیے۔

گذشتہ دنوں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے کئی شہروں میں پیٹرول کی شارٹج کی خبریں سامنے آنے لگی تھی جس کا وزیراعٌم عمران خان نے نوٹس بھی لیا تھا۔

مسلہ مزید سنگین صورتحال نہ اختیار کر لے اس لیے وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرولیم سے کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن، اوگرا، ایف آئی اے اور تمام ضلعوں کی انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ چھاپہ مار ٹیمیں قائم کی جائیں۔

کابینہ نے پٹرول کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کو تیل کی کمپنیوں کے ذخیرہ کرنے کے مراکز کا جائزہ  لینے کے قانونی اختیارات حاصل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے علاوہ کابینہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ٹیمیں پیٹرول کے تمام ڈپو اور ذخیروں کا معائنہ کریں گی۔ انہیں ہر جگہ داخل ہونے کا مکمل اختیار حاصل ہو گا اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف مکمل قانونی کارروائی اور ایسے ذخائر کو زبردستی روکنے کا اختیار حاصل ہو گا۔

وفاقی کابینہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ایسی کمپنی جو اپنے لائسنس کے تحت اپنی آؤٹ لیٹس میں مناسب طلب و رسد کو برقرار رکھنے میں ملوث پایا گیا تو اس کا لائسنس معطل کرنے کے علاوہ بھاری جرمانہ کیا جائے گا اور اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم اور اوگرا ڈویژن کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ 48 سے 72 گھنٹوں میں سپلائی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

دوسری جانب آج دن بھر پاکستان میں سوشل میڈیا پر پٹرول کی قلت پر ’حکومت گئی تیل لینے‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا ہے۔

صارفین ہر بار کی طرح طنز و مزاح کا سہارا لیتے ہوئے حکومت پر تنقید بھی کرتے رہے اور ساتھ میں پیٹرول پمپوں کے باہر لگی قطاروں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے تصویر شیئر کی جس میں آج کل پاکستان میں مشہور ترکی ڈرامہ ارطغرل کے ’ہیرو‘ کو بھی پیٹرول پمپ کے باہر لگی قطار میں کھڑا دکھایا گیا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’افسوس کی بات یہ ہے کہ عوام کو اپنے مسائل کی جانب حکومت کی توجہ دلانے کے لیے ٹوئٹر پر ٹرینڈ شروع کرنا پڑا۔‘

احمد حفیظ نامی ٹوئٹر صارف نے پی ٹی آئی کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’آخرکار عوام کو خاموش کرانے کے لیے کچھ ایکشن لیا جائے گا۔ فنگرز کراسڈ۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان