سونی نے نئی گیمز کی نمائش کرتے ہوئے اپنے پلے سٹیشن فائیو کی پہلی جھلک دکھا دی ہے۔
کمپنی نے اپنے نئے کنسول کو اب تک کا سب سے شاندار ڈیزائن قرار دیتے ہوئے اس کے اونچے اور خم دار ٹاور کی تصاویر پیش کیں۔
یہ نمائش اس تقریب کے اختتام پر کی گئی جس میں زیادہ تر توجہ نئی گیمز پر مرکوز رہی، جن میں سپائیڈر مین اور ریزیڈنٹ ایول کے سیکول شامل تھے۔
سونی نے اس موقعے پر اپنے نئے پلے سٹیشن کی اسیسریز کی تصاویر بھی پیش کیں، جن میں نیا کیمرہ، کنٹرولر کے لیے چارجنگ ڈاک، میڈیا ریموٹ اور خصوصی ہیڈ فونز شامل تھے۔
کمپنی نے نئے کنسول میں آڈیو کو بہت اہمیت دی ہے، اس میں بلند آڈیو فراہم کرنے کی حامل ٹیکنالوجی بھی شامل ہے اور نئے ہیڈ فون ان خصوصیات کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے۔ ہیڈ فون کا نام 'پلس تھری ڈی وائرلیس ہیڈ سیٹ' رکھا گیا ہے جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ہیڈ فون ان خصوصیات پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سونی نے کنسول کا ایک ڈیجیٹل ورژن بھی متعارف کرایا جو ڈسک ڈرائیو کے بغیر ہو گا اور ممکنہ طور پر اس کی قیمت پورے خصوصیات والے ورژن سے کم ہوگی۔
دکھائے گئے تمام کنسولز اور اسیسریز میں سفید رنگ کی سکیم استعمال کی گئی ہے، جس میں سیاہ اور نیلے رنگوں کا امتزاج بھی شامل ہے۔ سونی نے اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا کہ آیا وہ کسی دوسرے رنگ میں کنسول پیش کرے گی یا نہیں۔
کمپنی نے کنسول کی ظاہری بناوٹ کا بھی اشارہ نہیں دیا کہ آیا پلے سٹیشن کو صرف لمبا ہی کھڑا کیا جا سکتا لیکن تقریب میں پیش کی گئیں تمام تصاویر میں اسے لمبائی کے رخ کھڑا دکھایا گیا۔ نیا ایکس بکس سیریز ایکس بھی لمبائی کے رخ کھڑا ہوتا ہے۔
کمپنی نے کنسول کے ساتھ دیے گئے نئے ڈوئل سنس فائیو کنٹرولر کی تفصیل پہلے ہی جاری کر دی تھی۔ کمپنی نے اس کو 'ریڈیکل ڈیپارچر' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ہپٹک فیڈ بیک جیسی خصوصیات شامل ہیں اور ایسے ٹرگرز ہیں جو خود اس طرح ڈھال سکتے ہیں جن کو دبانا مشکل ہو جاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس تقریب تک سونی نے اپنے حریف مائیکروسافٹ کے ایکس بکس سیریز ایکس کے مقابلے میں پلے سٹیشن فائیو کی خصوصیات کے بارے میں بہت کم معلومات ظاہر کی تھیں۔
اس کی بجائے سونی نے کنسول کے اندر موجود ہارڈ ویئر پر توجہ دینے کو ترجیح دی ہے۔ مثال کے طور پر اس نے پلے سٹیشن فائیو کے اندر انتہائی تیز سٹوریج ڈرائیو کے بارے میں بات کی جو لوڈنگ ٹائم کو ڈرامائی طور پر بہتر کر سکے گا۔
دونوں کمپنیوں نے اپنے کنسولز کی قیمتوں سمیت دیگر تفصیلات پوشیدہ رکھتے ہوئے اپنی نئی مصنوعات کی لانچنگ کے لیے رواں سال کے اختتام کی تعطیلات کے دوران کی تاریخوں کا اعلان کر رکھا ہے۔
تقریباً پورے ایونٹ میں گیمز کے بارے میں زیادہ باتیں کی گئیں اور سونی اور ڈویلپرز نے پلے سٹیشن کی ریلیز اور اس کے بعد پلیٹ فارم پر آنے والے بہت سے نئے ٹائٹلز کو متعارف کرایا۔ اس تقریب سے پہلے سونی نے نئے کنسول کے لیے مجوزہ ٹائٹلز کی بہت کم تفصیلات جاری کی تھیں۔
سونی کی یہ تقریب گذشتہ ہفتے منعقد ہونا تھی لیکن جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد ہونے والے مظاہروں کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔ کمپنی کے اس اعلان کی تعریف کی گئی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ 'تقریب کے لیے یہ مناسب وقت نہیں۔'
کرونا لاک ڈاؤن کے قواعد پر عمل درآمد کرتے ہوئے کمپنی نے اس تقریب کا انعقاد کیا جس کا مطلب یہ تھا کہ فوٹیج کو پہلے سے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کمپنی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پھیلنے سے کنسول کی ریلیز میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ نہیں اور یہ اس سال کے آخر تک مارکیٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔
© The Independent