امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 10 جولائی کو پاکستان کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے اٹلی سے آگے نکل گیا۔
پاکستان میں اس وقت کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 243599 ہے، جب کہ اٹلی میں یہ تعداد 242363 ہے۔ البتہ ہلاکتوں کے اعتبار سے دونوں ملکوں میں کوئی مقابلہ نہیں۔ اٹلی میں اب تک 34926 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جب کہ پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 5058 ہے۔
جانز پاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کرونا کیسوں کی بین الاقوامی فہرست میں پاکستان کا نمبر 11واں ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس وقت پوری دنیا میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 22 لاکھ 87 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ اب تک یہ وائرس پانچ لاکھ 53 ہزار لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار چکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں مرض شدت پکڑ رہا ہے اور نو جولائی کو ساری دنیا میں دو لاکھ 27 ہزار کیس دیکھنے میں آئے جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔ امریکہ 31 لاکھ مریضوں اور ایک لاکھ 33 ہزار اموات کی وجہ سے سرِفہرست ہے۔ پاکستان سے اوپر دوسرے ممالک کی فہرست کچھ اس طرح سے ہے:
2) برازیل: 17 لاکھ 55 ہزار
3) بھارت: سات لاکھ 93 ہزار
4) روس: سات لاکھ 12 ہزار
5) پیرو: تین لاکھ 16 ہزار
6) چلی: تین لاکھ چھ ہزار
7) برطانیہ: دو لاکھ 89 ہزار
8) میکسیکو: دو لاکھ 82 ہزار
9) سپین: دو لاکھ 53 ہزار
10) ایران: ڈھائی لاکھ
یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں حالیہ دنوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور حکومت نے اس کی وجہ اپنی ’سمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی پالیسی قرار دی ہے۔