'ترکی گیا تو بال بھورے کروالوں گا': ارطغرل کے پاکستانی ہم شکل سے ملیے

کراچی سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ غلام مصطفیٰ حنیف نے دو ماہ قبل ایک گھوڑا اور ارطغرل غازی جیسا لباس کرائے پر لے کر  ایک ویڈیو بھی بنوائی تھی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے غلام مصطفیٰ حنیف آج کل ترکی کے مشہور ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار ارطغرل بے سے مشابہت کی وجہ سے مشہور ہیں۔

30 سالہ مصطفیٰ کی والدہ، ان کے دوست احباب اور سوشل میڈیا پر مداحوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ ان کی شکل ارطغرل غازی سے ملتی ہے۔ ڈارمے میں ارطغرل غازی کا کردار ترکی کے اداکار انجین الٹن نے نبھایا ہے۔

غلام مصطفیٰ کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن کے رہائشی اور ایک نجی کمپنی کے ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں ملازم ہیں۔ فارغ اوقات میں مصطفیٰ اپنی اہلیہ اور تین سالہ بیٹے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور وی لاگنگ کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔

مصطفیٰ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جب یہ ڈراما پاکستان میں نشر بھی نہیں ہوا تھا تو ان کے ایک دوست نے انہیں اداکار انجین الٹن کی ایک تصویر بھیجی تھی، اس وقت انہیں پتہ چلا تھا کہ ان کی شکل ان سے ملتی ہے، مگر جب یہ ڈراما پاکستان میں نشر ہوا تو ان کی والدہ، اہلیہ، بہن، بھائی اور دوستوں سمیت سب کا یہی کہنا تھا کہ وہ ارطغرل غازی کے ہم شکل ہیں۔

یہ جاننے کے بعد مصطفیٰ نے خود یہ ڈراما دیکھا اور وہ ارطغرل غازی کے کردار سے بے حد متاثر ہوئے۔ یہاں تک کہ انہوں نے دو ماہ قبل رمضان کے مہینے میں ایک گھوڑا، کلہاڑی اور ارطغرل غازی جیسے کپڑے کرائے پر لے کر پروفیشنل ویڈیو گرافر سے اپنی ویڈیو بھی بنوا ڈالی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ان کے کچھ دوستوں نے اس بات کو نوٹس کیا کہ ارطغرل کا کردار نبھانے والے اداکار انجین الٹن کے بال اصل میں بھورے ہیں جبکہ مصطفیٰ کے بال کالے ہیں، جس پر انہیں بھی یہ مشورہ دیا گیا کہ اگر  وہ بھی اپنے بال بھورے کروا لیں تو وہ ان ہی کے جیسے لگیں گے۔

تاہم اس حوالے سے مصطفیٰ کی رائے ہے کہ وہ اس مشابہت کی وجہ سے اپنی شناخت کوتبدیل نہیں کرنا چاہتے، لیکن ساتھ ہی ان کا کہنا تھا: 'میرا اراداہ ہے کہ میں اگلے دو سے تین ماہ میں ترکی جاؤں اور انجین الٹن سے ضرور ملاقات کروں۔ میں ترکی جانے سے پہلے اپنے بھورے ضرور کرواؤں گا۔'

مصطفیٰ سے جب ہم نے پوچھا کہ اگر انہیں ماڈلنگ یا ادکاری کی آفر آئی تو کیا وہ اسے قبول کریں گے؟ تو انہوں نے بتایا کہ 'اگر اسلامی موضوعات پر مبنی کسی ڈرامے کی مجھے آفر آئی تو میں اداکاری ضرور کروں گا لیکن اس کے علاوہ مجھے اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میری کہانی