میانمار: زلزلے سے ایک ہزار سے زائد اموات، ریسکیو کارروائیاں جاری

میانمار میں حکام نے ہفتے کو بتایا ہے کہ گذشتہ روز آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

میانمار میں حکام نے ہفتے کو بتایا ہے کہ گذشتہ روز آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فوج کی زیرقیادت حکومت کے ایک بیان کے مطابق اب تک 1002 اموات ہو چکی ہیں اور 2376 افراد زخمی ہیں جبکہ 30 لاپتہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اموات کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

7.7 شدت کا زلزلہ جمعے کو دوپہر کے وقت آیا، جس کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے کے قریب تھا۔ اس کے بعد متعدد آفٹر شاکس (زلزلے کے جھٹکے) آئے، جن میں سے ایک کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔

منڈالے میں زلزلے نے سابق شاہی محل اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ اگرچہ یہ علاقہ زلزلوں کی زد میں رہتا ہے لیکن یہاں آبادی کم ہے اور زیادہ تر مکانات ایک یا دو منزلہ ہوتے ہیں۔

منڈالے کے جنوب مغرب میں واقع سگائنگ کے علاقے میں ایک 90 سال پرانا پل گر گیا۔ منڈالے کو میانمار کے سب سے بڑے شہر ینگون سے جوڑنے والی شاہراہ کے کچھ حصے بھی متاثر ہوئے۔

 امریکی ماہرینِ ارضیات کے مطابق یہ میانمار میں آنے والا صدی کا شدید ترین زلزلہ تھا۔

کئی سالوں سے شورش کے شکار میانمار میں زلزلے سے اموات کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایک داکٹر نے اے ایف پی کو بتایا: ’میں نے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ ہم صورت حال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں بہت تھک چکا ہوں۔‘

منڈالے میں زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، جن میں شہر کی ایک بڑی عبادت گاہ بھی شامل ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی منزلہ عمارت، جس کی چھت پر ایک کرین لگی ہوئی ہے، اچانک دھول کے بادل کے ساتھ زمین بوس ہو گئی جب کہ لوگ چیختے چلاتے ہوئے بھاگتے ہوئے نظر آئے۔

زلزلے کے شدید جھٹکے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے تھے، جہاں حکام نے بتایا کہ زلزلے سے تین تعمیراتی مقامات بشمول ایک بلند ترین عمارت میں ہونے والے نقصان کے نتیجے میں چھ افراد جان سے گئے، 22 زخمی ہوگئے جبکہ 101 لاپتہ ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق تھائی حکام نے ہفتے کی صبح اموات کی تعداد 10 سے کم کر کے چھ کرتے ہوئے وضاحت جاری کی کہ کئی شدید زخمی افراد کو غلطی سے مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔

بنکاک کے گورنر چاڈچارٹ سِتِپُنٹ نے کہا کہ ملبے میں مزید افراد کے زندہ ہونے کا امکان ہے اور ہفتے کی صبح تلاش کا عمل جاری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا