اب اندرون اور بیرون ملک سے دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والوں کے لیے تاریخی مقامات اور قدرتی حسن کو ایک نئے انداز میں دیکھنے کا موقع ملے گا جو ڈبل ڈیکر بس سروس ہے۔
جڑواں شہروں کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے منگل کو راولپنڈی کے علامہ اقبال پارک میں کیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر پہلی مرتبہ دو چھتوں والی بس فراٹے بھرتی نظر آئی۔
سرخ رنگ کی اس ڈبل ڈیکر بس میں 40 مسافروں کی گنجائش موجود ہے۔ جن سے چار سو روپے فی کس ٹکٹ کی مد میں وصول کیا جائے گا۔
تاہم پانچ سال سے کم عمر کے بچے اور معذور افراد بغیر ٹکٹ خریدے سفر کر سکیں گے۔
پنجاب ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی مشترکہ سروس میں دو ڈبل ڈیکر بسیں شامل ہیں۔
ڈبل ڈیکر بس علامہ اقبال پارک سے شروع ہو کر راولپنڈی اور اسلام آباد میں 25 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
اس سفر کے دوران بس جن اہم مقامات سے گزرے گی ان میں فیصل مسجد، مرغزار چڑیا گھر، دامن کوہ، کانسٹیٹیوشن ایونیو، لوک ورثا، پاکستان میوزم آف نیچرل ہسٹری، شکر پڑیاں، سید پور گاؤں وغیرہ شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بس ان مقامات پر کچھ دیر کے لیے رکے گی اور اس میں موجود گائڈ مسافروں کو ان مقامات سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔
ڈبل ڈیکر بس سروس کا مقصد راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ ہر سال لاکھوں ملکی اور غیر ملکی سیاح جڑواں شہروں کا رخ کرتے ہیں اور ڈبل ڈیکر بس کا سفر ان سیاحوں کے لیے اضافی کشش کا باعث بنے گا۔
یاد رہے کہ ماضی میں پاکستان کے بیشتر شہروں میں ڈبل ڈیکر بسیں چلتی رہی ہیں جن میں کراچی، لاہور اور پشاور سر فہرست تھے۔
پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے حکام کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے بعد صوبہ کے دوسرے شہروں میں بھی ایسی بسوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔